ایم او یو میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا: صدر ٹرمپ
ایم او یو میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا: صدر ٹرمپ
منگل 16 جون 2026 15:07
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز فرانس میں جی 7 اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (Memorandum of Understanding) میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت کا متن ایک باضابطہ تقریب میں جاری کریں گے۔
صدر نے یہ بھی کہا کہ انہیں ایران معاہدے کو جائزے کے لیے کانگریس کے سامنے پیش کرنے کا خیال پسند ہے، جیسا کہ بعض ریپبلکن قانون ساز مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایران کے ساتھ مذاکرات کے اگلے مرحلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ یہ عمل بہت تیزی سے آگے بڑھے گا۔‘
قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور امریکہ ایران میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔
فرانس میں منعقدہ جی 7 سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’ہمارا ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ یہ کامیاب ہوگا۔ اب یہ دوسرے مرحلے میں جا رہا ہے، جو میرے خیال میں درحقیقت زیادہ آسان ہوگا۔‘
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے منگل کو کہا کہ تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق حتمی معاہدے کے لیے امریکہ کے ساتھ مذاکرات غالباً جمعہ کے روز شروع ہوں گے
سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی غیر ملکی سفارت کاروں کے ساتھ بریفنگ میں عراقچی نے کہا کہ ’غالباً جمعہ کو، ایک ایسی جگہ پر جس کا تعین بعد میں کیا جائے گا، ایران اور امریکہ کے درمیان حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات کا نیا دور شروع ہوگا۔‘
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پیر کے روز فاکس نیوز کو بتایا تھا کہ ٹرمپ جمعہ سے پہلے واشنگٹن اور تہران کے درمیان ہونے والے معاہدے کو عوام کے سامنے جاری کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق امریکہ کے ساتھ مذاکرات جمعہ کے روز شروع ہوں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
یہ معاہدہ، جس پر امریکہ اور ایران کی قیادت نے الیکٹرانک دستخط کیے ہیں، توقع ہے کہ جمعہ کو باضابطہ طور پر بالمشافہ دستخط کیا جائے گا۔ ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور اس کا متن جمعہ کی رسمی دستخطی تقریب کے بعد جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز بھی مکمل طور پر کھول دی جائے گی۔
ایویان، فرانس پہنچنے کے فوراً بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’معاہدے پر مکمل دستخط ہو چکے ہیں، اور جیسا کہ آپ جانتے ہیں، آبنائے ہرمز جزوی طور پر پہلے ہی کھول دی گئی ہے۔‘
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف امریکہ کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے عبوری معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ یہ بات ایران کے ایک نائب وزیر خارجہ نے منگل کو بتائی۔
مجید تخت روانچی نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دستخط کی تقریب کہاں منعقد ہوگی اور اس کی نوعیت کیا ہوگی۔
جے ڈی وینس نے پیر کو کہا تھا کہ معاہدے پر اتوار کو ڈیجیٹل دستخط ہو چکے تھے اور اس کے بدلے میں کوئی فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔