Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کسی بھی ماں کو اس موقعے سے محروم نہیں ہونا چاہیے‘، ورلڈ کپ ہیرو ووزینیا کی والدہ کو امریکہ لانے کی کوششیں

کیپ وردے کے گول کیپر ووزینیا کی والدہ کو امریکہ لانے کے لیے امریکی محکمہ خارجہ متحرک ہو گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کیپ وردے کے گول کیپر ووزینیا کی والدہ کو ورلڈ کپ کے دوران امریکہ لانے کے لیے امریکی محکمہ خارجہ متحرک ہو گیا ہے تاکہ وہ اپنے بیٹے کو میدان میں کھیلتا ہوئے دیکھ سکیں۔
سی این این کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے منگل کو بتایا کہ وہ ووزینیا کے خاندان سے رابطہ کر رہے ہیں اور ویزہ سے متعلق معاونت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
40 سال کے ووزینیا نے پیر کو سپین کے خلاف ورلڈ کپ کے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات اہم سیوز کیں اور اپنی ٹیم کو حیران کن برابری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے بعد ووزینیا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی والدہ میچ دیکھنے کے لیے امریکہ نہیں آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ’وہ ویزہ کی وجہ سے یہاں نہیں آسکیں۔ ویزہ کے لیے جو رقم ادا کرنا ہوتی ہے، اس کے باعث ہم وقت پر انتظام نہیں کر سکے۔ میں چاہتا تھا کہ وہ یہاں موجود ہوتیں۔‘
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بعض ممالک کے شہریوں کے لیے ویزہ بانڈ کی شرط عائد کی گئی ہے، تاہم امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں شریک کھلاڑیوں کے قریبی رشتہ دار اس شرط سے مستثنیٰ ہیں۔
محکمہ خارجہ کے اہلکار نے بتایا کہ ان کے پاس ووزینیا کی والدہ کی ویزہ درخواست کا ریکارڈ موجود نہیں، تاہم کھلاڑیوں کے اہل خانہ ویزہ بانڈ سے مستثنیٰ ہیں اور محکمہ خاندان سے رابطہ کر کے مدد فراہم کر رہا ہے۔
سی این این نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ووزینیا کی والدہ کے پاس اس وقت فعال پاسپورٹ موجود نہیں اور وہ پاسپورٹ حاصل کرنے کے عمل سے گزر رہی ہیں۔
اس معاملے نے امریکی سیاست دانوں کی بھی توجہ حاصل کی ہے۔
ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک رہنما ہکیم جیفریز نے ایکس پر لکھا کہ ’کسی ماں کو اپنے بچے کو تاریخ رقم کرتے دیکھنے کے موقعے سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔‘
انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں تاکہ ووزینیا کی والدہ اتوار کو کیپ وردے کے اگلے ورلڈ کپ میچ میں شرکت کر سکیں۔
سپین کے خلاف یادگار کارکردگی کے بعد ووزینیا عالمی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 50 ہزار سے بڑھ کر 97 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔
کیپ وردے اپنا اگلا میچ اتوار کو یوروگوئے کے خلاف میامی میں کھیلے گا۔
 

شیئر: