Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: کیا میسی اور رونالڈو پہلی بار میگا ایونٹ میں مدِمقابل آسکتے ہیں؟

میسی اس وقت امریکی کلب انٹر میامی جبکہ رونالڈو سعودی کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔(فوٹو:اے ایف پی)
 فٹبال کے دو عظیم ترین حریفوں، لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے درمیان ورلڈ کپ 2026 میں ممکنہ مقابلے نے شائقین میں جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ای ایس پی این کے مطابق اگر دونوں کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شرکت کرتے ہیں تو یہ ان کا ریکارڈ چھٹا ورلڈ کپ ہوگا، اور ممکن ہے کہ عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وہ اپنی قومی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف اہم مقابلے کے لیے میدان میں اُتریں۔
میسی اس وقت امریکی کلب انٹر میامی جبکہ رونالڈو سعودی کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ عمر کے اس مرحلے پر یہ دونوں سپرسٹارز کا آخری ورلڈ کپ بھی ہو سکتا ہے۔

میسی اور رونالڈو کے گروپ میچز

ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹائن گروپ جے میں الجزائر، آسٹریا اور اردن کے خلاف کھیلے گا۔
دوسری جانب پرتگال گروپ کے میں جمہوریہ کانگو، ازبکستان اور کولمبیا کے خلاف میدان میں اترے گا۔
ماہرین کے مطابق ارجنٹائن اور پرتگال دونوں اپنے گروپس میں سرفہرست رہنے کے مضبوط امیدوار ہیں۔

 دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا کیسے ممکن ہے؟

اگر ارجنٹائن اور پرتگال اپنے گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کر لیں اور پھر راؤنڈ آف 32 اور راؤنڈ آف 16 کے مقابلے جیت جائیں تو کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن اور پرتگال کا سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

38 سال کے میسی 2022 میں ارجنٹائن کو اپنی کپتانی میں عالمی چیمپیئن بنوا چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ٹورنامنٹ کے موجودہ شیڈول کے مطابق یہ سب سے زیادہ حقیقت پسندانہ امکان سمجھا جا رہا ہے۔
اگر دونوں ٹیمیں اپنے گروپس میں دوسری پوزیشن حاصل کرتی ہیں اور پھر اپنے ابتدائی ناک آؤٹ مقابلے جیت جاتی ہیں تو وہ راؤنڈ آف 16 میں بھی ایک دوسرے کے مدِمقابل آسکتی ہیں۔
عالمی کپ کے نئے فارمیٹ کے باعث یہ امکان بھی موجود ہے کہ دونوں مختلف راستوں سے فائنل تک پہنچ جائیں، جس کے نتیجے میں میسی اور رونالڈو کا ممکنہ آخری بڑا مقابلہ ورلڈ کپ کے فائنل میں دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

 ورلڈ کپ میں میسی اور رونالڈو کا ریکارڈ

38 سال کے میسی 2022 میں ارجنٹائن کو اپنی کپتانی میں عالمی چیمپئن بنوا چکے ہیں جبکہ 2014 کے ورلڈ کپ میں بھی فائنل تک پہنچے تھے۔
اس کے مقابلے میں 41 سال کے رونالڈو کی بہترین کارکردگی 2006 کے ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہے، جہاں پرتگال آخری چار ٹیموں میں شامل ہوا تھا۔

 کون سے ریکارڈ ٹُوٹ سکتے ہیں؟

اگر میسی اور رونالڈو ورلڈ کپ 2026 میں ایک بھی منٹ کھیلتے ہیں تو دونوں چھ چھ ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے فٹبالرز بن جائیں گے۔

رونالڈو کے ورلڈ کپ گولز کی تعداد آٹھ ہے اور میروسلاو کلوزے کے 16 گولز کے ریکارڈ تک پہنچنے کے لیے انہیں غیرمعمولی کارکردگی دکھانا ہوگی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

میسی پہلے ہی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 26 میچز کھیلنے اور 2314 منٹ میدان میں گزارنے کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔
وہ ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے سب سے کامیاب گول سکورر بھی ہیں اور 13 گولز کے ساتھ جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے 16 گولز کے عالمی ریکارڈ سے صرف تین گول پیچھے ہیں۔
میسی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 21 گول کنٹری بیوشنز کے ریکارڈ میں برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے کے برابر ہیں اور یہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے قریب ہیں۔
رونالڈو کے ورلڈ کپ گولز کی تعداد آٹھ ہے اور میروسلاو کلوزے کے 16 گولز کے ریکارڈ تک پہنچنے کے لیے انہیں غیرمعمولی کارکردگی دکھانا ہوگی۔

 بین الاقوامی فٹبال میں سبقت کس کے پاس؟

بین الاقوامی فٹبال میں رونالڈو اب بھی سب سے آگے ہیں۔ وہ مردوں کے فٹبال میں سب سے زیادہ 226 بین الاقوامی میچز کھیلنے اور 143 گولز کرنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔

کلب فٹبال میں میسی اور رونالڈو 35 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکے ہیں۔(فوٹو:اے ایف پی)

میسی 198 بین الاقوامی میچز میں 116 گولز کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

 ایک دوسرے کے خلاف ریکارڈ

کلب فٹبال میں میسی اور رونالڈو 35 مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکے ہیں، جن میں سے میسی کی ٹیم نے 16 اور رونالڈو کی ٹیم نے 10 فتوحات حاصل کیں جبکہ نو میچ برابر رہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف 22، 22 گولز بھی کیے ہیں۔

مطابق ورلڈ کپ 2026 میں میسی اور رونالڈو پہلی بار عالمی کپ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ سکتے ہیں۔(فوٹو:اے ایف پی)

قومی ٹیموں کی سطح پر دونوں صرف دو مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں، جہاں دونوں نے ایک ایک کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ایک گول بھی سکور کیا۔
ای ایس پی این کے مطابق اگر نتائج توقعات کے مطابق رہے تو ورلڈ کپ 2026 فٹبال کی تاریخ کے دو عظیم ترین کھلاڑیوں کے درمیان عالمی کپ کے سب سے بڑے سٹیج پر ایک یادگار مقابلے کا گواہ بن سکتا ہے۔
 

شیئر: