Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنجر زمین پر قابو پانے میں کامیابی، الجوف کے لیے ایک سال میں تین ایوارڈز

الجوف ریجن کے گورنر، شہزادہ فیصل بن نواف بن عبدالعزیز نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کا سرٹیفکیٹ وصول کیا جس میں الجوف کے نرسری کمپلیکس کو جنگلی پودوں کے سب سے بڑے پیداواری مرکز کے طور پر نیا عالمی ریکارڈ ہولڈر قرار دیا گیا ہے۔
اس کمپلیکس کی سالانہ پیداواری صلاحیت ایک کروڑ 50 لاکھ پودے ہے جو سعودی گرین انیشیٹیو کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الجوف نے اس نئی کامیابی کے بعد بنجر زمین پر قابو پانے کے خلاف جنگ میں ایک سال میں تین گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کیے ہیں۔
سعودی نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیویلپمنٹ اینڈ کومبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن کا کہنا ہے اس کامیابی سے الجوف ریجن میں اراضی کی بحالی کے معیار کے سنگ میل میں ایک اہم اضافہ ہوگا۔
اس سے قبل التمریات سیڈ پروڈکشن سٹیشن کو دنیا کے سب سے بڑے پائیدار مرکز کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جا چکا ہے جس نے بیجوں کی پیداوار، ماحولیاتی بحالی اور بنجر زمین کے انسداد میں موثر کردار ادا کیا۔
سعودی نیشنل سینٹر کے مطابق جنگلی بیجوں کے 95 ٹن سٹوریج پر بھی ایک گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا جا چکا ہے۔
الجوف نرسری کمپلیکس تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس میں جدید زرعی ٹیکنالوجی سے لیس 28 گرین ہاؤسز قائم ہیں۔

کمپلیکس ماحولیاتی نظام کی بحالی، چراگاہوں کی بہتری اور متاثرہ علاقوں میں نباتاتی غلاف کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
این سی وی سی نے کہا ہے کہ بیجوں کی پیداوار، انہیں ذخیرہ کرنا اور پودے تیار کرنے کا یہ مشترکہ نظام ماحول کے تحفظ میں مدد دیتا ہے، صحرا کے پھیلاؤ کو روکتا ہے اور سعودی گرین انیشیٹیو کے اہداف کے مطابق سبزہ بڑھانے اور قدرتی وسائل کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
 

 

شیئر: