Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں 15 برس سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی

کابینہ کی قرارداد کے تحت امارات میں سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی کم سے کم حد 15 سال مقرر کی گئی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات نے جمعرات کو 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی کا اعلان کیا، اور اس طرح وہ آسٹریلیا، برطانیہ اور کینیڈا سمیت اُن ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جنہوں نے اسی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کابینہ کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 15 سال سے کم عمر بچوں کے بنائے گئے اکاؤنٹس کی نگرانی کر کے انہیں بند کرنا ہوگا۔
اسی قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں اِن اکاؤنٹس کو بلاک بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 12 ماہ کی عبوری مہلت دی گئی ہے۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ کے مطابق ’اس قرارداد کے تحت سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی کم سے کم حد 15 سال مقرر کی گئی ہے۔‘
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ 15 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ذاتی اکاؤنٹ بنانے، استعمال کرنے یا چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 
گذشتہ برس دسمبر میں آسٹریلیا کی جانب سے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کی گئی جو دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی پابندی تھی۔
آسٹریلیا کے بعد دیگر کئی ممالک نے بھی اسی طرح کے اقدامات کیے ہیں، رواں ہفتے برطانیہ نے بھی 16 برس سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔
انڈونیشیا، ملائیشیا، ترکیہ اور یورپ کے کئی ممالک بھی نوجوانوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندیاں یا سخت ضوابط نافذ کر چکے ہیں، تاہم متحدہ عرب امارات، عرب دنیا میں ایسا قدم اٹھانے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

شیئر: