Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں 65 فیصد بچے نامناسب ڈیجیٹل مواد تک رسائی رکھتے ہیں، سروے رپورٹ

بعض والدین اپنے بچوں کے ڈیجیٹل دوستوں کو قبول کرنے لگے (فوٹو، ایکس اکاؤنٹ)
شاہ خالد فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاری ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں 15 برس سے کم عمر 65 فیصد بچے اپنی عمر سے مناسبت نہ رکھنے والے ڈیجیٹل مواد تک رسائی رکھتے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق گزشتہ برس سعودی سینٹر فار پبلک اوپینین ریسرچ کی جانب سے ایک سروے مرتب کیا گیا جس میں سعودی معاشرے کے حوالے سے سوالات ترتیب دیئے گئے، سروے کی معاونت شاہ خالد فاؤنڈیشن، صالح کامل ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن اور المھیدب فاؤنڈیشن فار کمیونٹی سروس نے مشترکہ طور پر کی۔ 
سروے رپورٹ کے مطابق آن لائن گیمز کھیلنے والے بچوں کو مختلف عمروں کے افراد سے رابطے، نامناسب زبان اور ایسے موضوعات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کی ذہنی اور معاشرتی نشوونما کے لیے موزوں نہیں۔
تحقیق میں مزید کہا گیا کہ بعض والدین اپنے بچوں کے لیے ڈیجیٹل دوستوں کے تصور کو قبول کرنے لگے ہیں اور ان کی انٹرنیٹ پر ہونے والی دوستیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کچھ بچوں نے منفی تجربات کے باعث ایسی دوستیوں کے بارے میں منفی رائے کا بھی اظہار کیا، جبکہ متعدد بچوں نے رابطے میں عدم تسلسل اور دیگر مشکلات کے باعث ڈیجیٹل دوستیوں پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔
خیال رہے سعودی شوری کونسل نے اپنے سابقہ اجلاس میں اس حوالے سے متعلقہ اداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی تھی، تاکہ بچوں کے لیے ڈیجیٹل رسائی کو محدود کیا جا سکے۔

 

شیئر: