Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: ٹریفک اموات میں 60 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ

ٹریفک سیفٹی کی وزارتی کمیٹی نے 2025 کی رپورٹ جاری کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں سال 2016  اور 2025 کے درمیان ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات میں 60 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ کامیابی خلاف ورزیاں کم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا وسیع استعمال، انفرا سٹرکچر کی کارکردگی میں بہتری، ایمرجنسی ریسپانس کے بہتر نظام اور متعدد شعبوں کی مربوط کوششوں کا نتیجہ ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ٹریفک سیفٹی کی وزارتی کمیٹی کی 2025 کی رپورٹ میں مملکت بھر میں روڈ سیفٹی کے انڈیکیٹرز میں نمایاں بہتری کو اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں اہم ڈیولپمنٹس کا بھی ذکر کیا گیا جن میں خاص طور پر ٹریفک سسٹم میں کی جانے والی تبدیلیاں، جس کے تحت سنگین ٹریفک خلاف ورزی کے مرتکب غیرملکی ڈرائیور کے خلاف سخت اقدامات، ٹریفک سسٹم میں اپ ڈیٹس، ایمرجنسی ریسپانس ٹائم میں بہتری کے علاوہ نئے پروجیکٹس میں ’سعودی روڈ کوڈ سٹینڈرز‘ پر عمل درآمد، انفرا سٹرکچر کا تحفظ  اور پائیداری کو سپورٹ کرنا شامل ہے۔
حادثات میں چلتی ہوئی گاڑیوں میں تصادم کا تناسب 92.8 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ ساکن گاڑیوں سے ہونے والی ٹکر 3.7 فیصد اور 1.6 فیصد حادثات کا سبب گاڑی کا کسی رکاوٹ سے ٹکرا جانا تھا۔ گاڑی کے الٹ جانے کے حادثات 0.4 فیصد اور دیگر حادثات کا تناسب 1.8 فیصد رہا۔

حادثات کے اسباب کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ 29.2 فیصد حادثات گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ ہونے، 27.9 فیصد حادثات کی وجہ کسی گاڑی کے ڈرائیور کی جانب سے اچانک ٹریک تبدیل کرنا، 5.6 فیصد ڈرائیونگ کے دوران کسی اور امر میں مصروف ہونا، 0.7 فیصد حادثات رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کے باعث پیش آئے۔
خیال رہے وزارتی کمیٹی برائے ٹریفک سیفٹی کا قیام سعودی کابینہ کی قرار داد نمبر 636 کے تحت عمل میں آیا تھا، جس کا مقصد قومی سطح ٹریفک امور میں بہتری لانے کےلیے تجاویز پیش کرنا، ان پرعمل درآمد کرانا ہے۔

 

شیئر: