میسی نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
میسی آخری لمحات تک شمالی امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار تھے (فوٹو: اے ایف پی)
ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انہوں نے آسٹریا کے خلاف میچ میں گول کرکے اپنے ورلڈ کپ گولز کی تعداد 17 کر دی۔
38 سالہ میسی نے گذشتہ ہفتے الجزائر کے خلاف 3-0 کی فتح میں ہیٹ ٹرک مکمل کرکے جرمنی کے سابق سٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے 16 گولز کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔ پیر کو آسٹریا کے خلاف گروپ جے کے میچ میں انہوں نے 38ویں منٹ میں گول کرکے یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں ڈلاس کاؤبائز کے سٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین نے میسی کے تاریخی گول کا زبردست خیرمقدم کیا۔ تاہم اس میچ میں میسی نے اس سے قبل ایک پنالٹی ضائع بھی کیا۔
یہ میسی کا چھٹا ورلڈ کپ ہے۔ انہوں نے پہلی بار 2006 میں عالمی کپ میں شرکت کی تھی۔ ارجنٹائن کے لیے اب تک 201 میچز میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 121 ہو چکی ہے۔
میسی کی شاندار فارم ارجنٹائن کے مسلسل دوسرے عالمی کپ ٹائٹل کے خواب کو تقویت دے رہی ہے۔ اگر ارجنٹائن یہ کارنامہ انجام دیتا ہے تو وہ 1962 میں برازیل کے بعد مسلسل دو ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔
الجزائر کے خلاف اپنے پہلے گول کے بعد میسی جذباتی نظر آئے تھے۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ ان کے والد صحت کے ایک مسئلے سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ میسی ٹورنامنٹ سے قبل ہیم سٹرنگ کی تکلیف کا بھی شکار رہے تھے۔
ارجنٹائن کے مڈفیلڈر الیکسز میک الیسٹر نے کہا، ’اگر کسی نے سوچا تھا کہ یہ ٹیم لیو کے بغیر بہتر ہو سکتی ہے تو آج واضح ہو گیا کہ لیو ہم سب میں سب سے اہم ہیں۔‘
میسی آخری لمحات تک شمالی امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار تھے، تاہم بالآخر انہوں نے اپنے ملک کے اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔
ارجنٹائن آج آسٹریا کے خلاف فتح حاصل کرکے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے، جبکہ اگر اردن الجزائر کو شکست دینے میں ناکام رہا تو ارجنٹائن گروپ جے میں پہلی پوزیشن بھی یقینی بنا لے گا۔
