Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: رونالڈو اور میسی کی جرسیوں پر خصوصی پیچز کیوں لگائے گئے ہیں؟

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کھلاڑیوں کی جرسیوں پر خصوصی ’گولڈ پیچز‘ متعارف کرائے گئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جہاں ایک جانب ٹیمیں عالمی ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں ہیں، وہیں کئی کھلاڑی اپنی ذاتی کامیابیوں اور تاریخی سنگ میلوں کی بدولت بھی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔
’دی سٹریٹ ٹائمز‘ کے مطابق اسی مقصد کے تحت فیفا نے کلیکٹیبلز کمپنی ’فیناٹکس‘ اور اس کے ذیلی ادارے ’ٹوپس‘ کے اشتراک سے کھلاڑیوں کی جرسیوں پر خصوصی ’گولڈ پیچز‘ متعارف کرائے ہیں، جو مختلف اعزازات اور کامیابیوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
یہ منفرد پیچز پہلے ہی کئی معروف کھلاڑیوں کی جرسیوں پر نظر آ چکے ہیں، جن میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی اور انگلینڈ کے ہیری کین شامل ہیں۔
آپ کو ایسے ہی کچھ پیچز کے ناموں اور ان کے مطلب کے بارے میں بتاتے ہیں۔

ڈیبیو پیچ

یہ پیچ ان کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے جو اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں شرکت کر رہے ہوں۔
ورلڈ کپ 2026 میں سپین کے نوجوان سٹار لامین یامال، ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ اور سکاٹ لینڈ کے اینڈی رابرٹسن جیسے کھلاڑی اس پیچ کے ساتھ میدان میں اترے۔

گولڈن بال پیچ

گولڈن بال پیچ ان کھلاڑیوں کے لیے مخصوص ہے جنہوں نے ماضی میں ورلڈ کپ کا ’گولڈن بال‘ ایوارڈ جیتا ہو، جو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو دیا جاتا ہے۔
ورلڈ کپ 2026 میں صرف لیونل میسی اور کروشیا کے مایہ ناز مڈفیلڈر لوکا موڈرچ اس اعزاز کے حامل ہیں۔

گولڈن بوٹ پیچ

یہ پیچ ورلڈ کپ کے ٹاپ گول سکوررز کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
اس اعزاز کے حامل کھلاڑیوں میں فرانس کے کائلین ایمباپے، انگلینڈ کے ہیری کین اور کولمبیا کے جیمز روڈریگیز شامل ہیں، جنہوں نے مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں سب سے زیادہ گول سکور کیے تھے۔

گولڈن گلوو پیچ

گولڈن گلوو پیچ ان گول کیپرز کو دیا جاتا ہے جنہیں ورلڈ کپ کا بہترین گول کیپر قرار دیا گیا ہو۔
حالیہ فاتحین میں ارجنٹائن کے ایمیلیانو مارٹینیز، بیلجیئم کے تھیبو کورتوا اور جرمنی کے مینوئل نوئر شامل ہیں۔

لیگیسی پیچ

یہ پیچ ان تجربہ کار کھلاڑیوں کے لیے مختص ہے جو پانچ یا اس سے زائد ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کر چکے ہوں۔
اس پیچ پر کھلاڑی کا سنہری خاکہ، نام اور قومی پرچم درج ہوتا ہے۔ لیونل میسی، کرسٹیانو رونالڈو، لوکا موڈرچ، مینوئل نوئر اور جاپان کے یوٹو ناگاتومو ان نمایاں ناموں میں شامل ہیں۔

میچ کے بعد پیچز کا کیا ہوگا؟

رپورٹس کے مطابق ہر میچ کے اختتام پر یہ خصوصی پیچز جرسیوں سے الگ کر لیے جائیں گے۔
بعد ازاں انہیں کلیکٹیبل ٹریڈنگ کارڈز کا حصہ بنایا جائے گا، جنہیں 2031 میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

سابق عالمی چیمپئنز کے لیے سنہری ورلڈ کپ لوگو

خصوصی پیچز کے علاوہ وہ تمام قومی ٹیمیں جو ماضی میں ورلڈ کپ جیت چکی ہیں، اپنی جرسی کی آستین پر سنہری رنگ کا ورلڈ کپ لوگو بھی استعمال کر رہی ہیں۔
ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ، سپین، یوراگوئے، فرانس، برازیل، جرمنی اور ارجنٹائن کو یہ اعزاز حاصل ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن اٹلی اس فہرست میں شامل نہیں، کیونکہ وہ ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔
ورلڈ کپ 2026 میں متعارف کرائے گئے یہ خصوصی پیچز نہ صرف کھلاڑیوں کی انفرادی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ فٹبال کی تاریخ کے یادگار لمحات کو بھی شائقین کے لیے ہمیشہ کے لیے محفوظ بنانے کی ایک منفرد کوشش ہیں۔

شیئر: