Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2026: سعودی سدو، گرین فالکنز کے ساتھ ثقافتی سفیر کے طور پر شریک

عصرِ حاضر کے ڈیزائن کا خوبصورت اِمتزاج بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
روایتی فنوں کا رائل انسٹیٹیوٹ (ورث)، فیفا ورلڈ کپ میں شریک قومی ٹیم کے لیے یادگاری جھنڈوں کے ڈیزائن اور اُن کی تیاری کے ذریعے سعودی عرب کی ثقافتی شناخت کو دنیا کے سامنے لا رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اِن جھنڈوں کا محرک سدُو بُنائی ہے جسے یونیسکو نے ایسا ثقافتی ورثہ تسلیم کیا ہے جو صدیوں کی معلومات، مہارتوں، فن اور ثقافتی طریقوں پر مشتمل ہے اور ان خصوصیات کی نسل در نسل منتقلی کی وجہ سے آج دنیا میں مادی صورت میں موجود ہے۔
چنانچہ اِن جھنڈوں میں قدیم روایت اور میراث کے ساتھ ساتھ عصرِ حاضر کے ڈیزائن کا خوبصورت اِمتزاج بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔
میچ سے پہلے کپتان باہمی احترام کی علامت کے طور پر ایک دوسرے کے ساتھ یادگار اشیا کا تبادلہ کرتے ہیں۔ سعودی یادگاری جھنڈوں میں روایتی سدُو کے نقوش خاص طور پر نمایاں ہیں جو باہمی تعلق، کشادہ دلی اور سماجی قربت جیسی اقدار کے ترجمان ہیں۔
اِن یادگار اشیا میں مملکت کے خوبصورت اور دلکش مناظر کے رنگ اور صحرا میں کھلنے والے بنفشی اور گلابی سدا بہار پھولوں کا رنگ دیکھنے کو ملتا ہے۔

اِن اشیا کو ورث کی روایتی بُنائی کے تربیتی پروگرام میں شریک طلبہ نے تیار کیا ہے۔ چھوٹے رنگدار جھنڈے اور دیگر اشیا اُس روایتی ہنر کی منتقلی کی گواہ ہیں جو ایک سے دوسری نسل تک پہنچا ہے اور ثقافتی سفیروں کی حیثیت میں یہ یادگاری اشیا دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین کو سعودی عرب کے گراں قدر ورثے سے متعارف کراتی ہیں۔

 

شیئر: