مسافروں کے لیے نئی ہدایات، 40 ہزار ریال یا زائد مالیت کی اشیا پر ڈیکلریشن لازمی
قبل ازیں رقم کی انتہائی حد 60 ہزار ریال مقرر تھی (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں انسداد منی لانڈرنگ کے نظام کے حوالے سے مزید اہم ترامیم نافذ کردی گئی ہیں، جن کے تحت مملکت میں آنے یا جانے والے مسافروں پر لازم ہو گا کہ وہ 40 ہزار سعودی ریال یا اس سے زائد مالیت کا سونا وغیرہ ساتھ ہونے پر اس کے بارے میں متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔
اخبار24 کے مطابق کی جانے والی ترمیم نئے ضوابط کے تحت روایتی نگرانی کے بجائے خطرات کے موثر انتظام، جدید ریگولیٹری ٹیکنالوجی اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون پر مبنی جامع نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگی پیدا کرنا اور مالی جرائم کا سد باب ہے۔
نئے ضوابط کے تحت منی لانڈرنگ کی روک تھام کی ذمہ داری صرف بینکاری اداروں تک محدود نہیں رہی بلکہ اسے متعدد مالیاتی، سرمایہ کاری اور تجارتی شعبوں تک توسیع دے دی گئی ہے، جہاں رقوم، اثاثوں اور سرمایہ کاری کا وسیع پیمانے پر لین دین ہوتا ہے۔
خیال رہے قبل ازیں سعودی عرب آنے اور یہاں سے جانے والے مسافروں کے لیے نقد رقم یا اس کے مساوی سونے کے زیورات وغیرہ کی انتہائی حد 60 ہزار ریال مقرر تھی جسے اب کم کرکے 40 ہزار ریال کر دیا گیا ہے۔
