Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں نئی سی پی آر ٹیکنالوجی نے دل کا دورہ پڑنے والے مریض کی جان بچا لی

یہ ٹیکنالوجی بین الاقوامی ایمرجنسی میڈیسن کے بالکل نئے اصولوں کے مطابق تیار کردہ ایک مربوط نظام کا حصہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں سعودی ہلالِ احمر کی ہنگامی طبی ٹیموں نے دل اور سانس بند ہونے کے ایک کیس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سی پی آر کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے تاکہ ایمرجنسی خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اتھارٹی کو الوزارت نامی علاقے سے ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس پر فوری ریسپانس یونٹ اور فیلڈ ایمبولینس ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مریض کی جان بچانے کا عمل شروع کیا۔
اس دوران انہوں نے سینے پر دباؤ ڈالنے والے جدید ترین آٹومیٹک سسٹم لوکاس اور ہیڈ اپ سی پی آر نامی آلے کا استعمال کیا جو سی پی آر کے دوران مریض کے سر اور  گردن کو اوپر اٹھا کر رکھتا ہے۔
ایمرجنسی سروس کے نظام میں پہلی مرتبہ اس ہیڈ اپ سی پی آر آلے کا فیلڈ میں عملی استعمال کیا گیا جو ہسپتال پہنچنے سے پہلے مریضوں کو دی جانے والی ہنگامی طبی امداد کو جدید تر بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
یہ ٹیکنالوجی بین الاقوامی ایمرجنسی میڈیسن کے بالکل نئے اصولوں کے مطابق تیار کردہ ایک مربوط نظام کا حصہ ہے جو نازک حالات میں مریضوں کو تیزی سے اور اعلیٰ معیار کی طبی امداد فراہم کر کے ایمرجنسی ٹیموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بناتی ہے۔

 

شیئر: