Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نورا فتحی کا فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے نیا گیت ریلیز

نورا فتحی اس سال کے ساؤنڈ ٹریک میں شامل واحد عرب فنکارہ نہیں ہیں (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
مراکشی نژاد کینیڈین گلوکارہ، ڈانسر اور اداکارہ نورا فتحی نے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے نیا ترانہ ’چیمپئنز (فی کل مکاں)‘ جاری کر دیا ہے۔
نورا فتحی نے اس گانے کی ریلیز کا اعلان رواں ہفتے انسٹاگرام پر کیا اور اسے ’جیت کا نغمہ‘ قرار دیتے ہوئے اس پرجوش گیت کی ریلیز پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس گانے میں انہوں نے تنزانیہ کے موسیقار ریوَینی اور امریکی نژاد بنگلہ دیشی ڈی جے سنجوئے کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔
نورا فتحی نے ہفتے کے روز انسٹاگرام پر لکھا کہ ’میں اس گانے کے ساتھ خود کو بالکل مختلف محسوس کر رہی ہوں… یہ ایک طویل عرصے میں میرا سب سے مکمل اور جذباتی طور پر سچا پراجیکٹ ہے۔‘
نورا فتحی نے فٹبال ورلڈ کپ سے قبل بھی ایک گیت جاری کیا تھا۔ ’سِر سِر‘ کے عنوان سے یہ گانا گزشتہ ماہ جاری ہوا تھا، جو اس بڑے میوزیکل منصوبے کا حصہ ہے جس کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کر رہے ہیں۔
اس گانے میں نورا فتحی نے میوزک پروڈیوسر سنجوئے اور فرانسیسی فنکار ویجی ڈریم کے ساتھ کام کیا تھا، جن کا سنہ 2018 کا فٹبال ترانہ ’ Ramenez la Coupe a la Maison‘ شائقین میں بے حد مقبول ہوا تھا۔
گیت ’چیمپئنز‘ کی میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری عبدالرّفیع العبدیوی نے کی ہے، جس میں نورا فتحی کو ایک ڈرامائی صحرا کے پس منظر میں بھرپور رقص پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جہاں فٹبال جرسیوں اور قومی جھنڈوں کے درمیان عالمی کھیل کا جشن منایا گیا ہے۔
ان دونوں گیتوں کی ریلیز نورا فتحی کے لیے ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ ان کے خاندانی روابط مراکش سے ہیں، اور وہ اگرچہ کینیڈا میں پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھیں، لیکن وہ اکثر اپنی مراکشی شناخت پر فخر کا اظہار کرتی رہی ہیں۔

ورا فتحی سنہ 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک ’لائٹ دی سکائی‘ میں بھی شامل تھیں (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

ورلڈ کپ کا میدان ان کے لیے نیا نہیں۔ وہ سنہ 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک ’لائٹ دی سکائی‘ میں بھی شامل تھیں، جس میں انہوں نے اماراتی-یمنی گلوکارہ بلقیس، عراقی فنکارہ رحمہ ریاض اور مراکشی گلوکارہ منال کے ساتھ مل کر پرفارم کیا تھا۔ کئی زبانوں میں پیش کیا گیا یہ گیت مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والے پہلے ورلڈ کپ کی خوشی کا اظہار تھا اور ٹورنامنٹ کے نمایاں گانوں میں شامل رہا۔
اس کے بعد نورا فتحی نے موسیقی، فلم اور فیشن کے ذریعے اپنی عالمی شناخت کو مزید وسعت دی، اور ایک ایسا کیریئر بنایا جو بالی وڈ، شمالی افریقہ اور عالمی پاپ میوزک کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے۔
ان کا فیفا کے ساتھ تازہ اشتراک انہیں مختلف ثقافتوں کے فنکاروں کے ساتھ جوڑتا ہے، جن کے گانے اس ٹورنامنٹ کے سرکاری البم میں شامل ہیں، جس میں عربی موسیقی، لاطینی پاپ، ایفروبیٹس اور کے-پاپ تک سب کچھ شامل ہے۔
وہ اس سال کے ساؤنڈ ٹریک میں شامل واحد عرب فنکارہ نہیں ہیں۔ فلسطینی نژاد چلی کی گلوکارہ ایلیانا بھی ’الومینیٹ‘ کے نام سے ایک گانے کے ساتھ اس البم کا حصہ ہیں، جس میں انہوں نے کینیڈین گلوکارہ اور نغمہ نگار جیسی ریز کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

شیئر: