Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامیڈی فلم ’ہیرا پھیری تھری‘ پر کام شروع کیوں نہیں ہو سکا؟

’ہیرا پھیری‘ کے تیسرے حصے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے (فوٹو: اے آئی)
بالی ووڈ کی مقبول کامیڈی فرنچائز ’ہیرا پھیری‘ کے تیسرے حصے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جبکہ معروف ہدایت کار پریہ درشن نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اس وقت ’ہیرا پھیری تھری‘ کا حصہ نہیں ہیں۔
’انڈین میڈیا‘ کے مطابق یہ وضاحت فلم کے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’پریہ درشن اس منصوبے سے وابستہ نہیں ہیں۔‘
’ویریٹی انڈیا‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فیروز ناڈیاڈوالا سے جب پریہ درشن کی ممکنہ شمولیت کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’نہیں، پریہ درشن اس فلم کا حصہ نہیں ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’فلم کا منصوبہ درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور معاملات ٹریک پر ہیں، تاہم شوٹنگ یا ریلیز کی تاریخ کے حوالے سے ابھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔‘
پروڈیوسر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پریہ درشن نے بھی تصدیق کی کہ وہ فی الحال فلم سے وابستہ نہیں ہیں۔
’ہندوستان ٹائمز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’فیروز نے جو کہا ہے وہ درست ہے، اس وقت میرا ہیرا پھیری تھری سے کوئی تعلق نہیں۔‘
پریہ درشن نے اس موقع پر فلم کے مستقبل کے بارے میں بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق ’میری معلومات کے مطابق ہیرا پھیری تھری شاید کبھی سینما گھروں تک نہ پہنچ سکے کیونکہ اس منصوبے کو متعدد قانونی مسائل اور ذاتی تنازعات کا سامنا ہے۔ میں اس کا حصہ ہوں یا نہیں، یہ اہم بات نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ سنہ 2000 میں ریلیز ہونے والی ’ہیرا پھیری‘ کی ہدایت کاری پریہ درشن نے کی تھی اور یہ فلم بالی ووڈ کی کامیاب ترین کامیڈی فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کے بعد سنہ 2006 میں ریلیز ہونے والی ’پھر ہیرا پھیری‘ کی ہدایت کاری مرحوم نیرج ووہرا نے کی تھی، جسے بھی شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
’ہیرا پھیری تھری‘ کئی برسوں سے مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہے۔
سنہ 2018 میں ہدایت کار اندرا کمار کو باضابطہ طور پر اس فلم کی ہدایت کاری سونپی گئی تھی، تاہم بعد میں وہ بھی اس منصوبے سے الگ ہو گئے۔ اس کے بعد مختلف اوقات میں پریہ درشن کی واپسی کی خبریں سامنے آتی رہیں، جس سے شائقین میں جوش و خروش پیدا ہوا، لیکن تازہ بیانات کے بعد ایک بار پھر فلم کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور مداح اب بھی اس انتظار میں ہیں کہ آیا ’ہیرا پھیری تھری‘ حقیقت میں بن پائے گی یا نہیں۔

شیئر: