پاکستان میں ٹویوٹا کرولا الٹس کے فَیس لفٹ ماڈل میں نیا کیا ہے؟
پاکستان میں ٹویوٹا کرولا الٹس کے فَیس لفٹ ماڈل میں نیا کیا ہے؟
پیر 5 اکتوبر 2026 12:47
پاکستان میں ٹویوٹا کرولا الٹس کا نیا فیس لفٹ ماڈل باقاعدہ لانچ سے قبل سامنے آگیا ہے(فوٹو: پاک ویلز)
پاکستان میں ٹویوٹا کرولا الٹس کا نیا فَیس لِفٹ ماڈل باقاعدہ لانچ سے قبل سامنے آگیا ہے جس سے مقامی مارکیٹ میں گاڑی کے نئے ماڈل سے متعلق کئی ہفتوں سے جاری قیاس آرائیوں کو تقویت ملی ہے۔
آٹوموبیل ویب سائٹ پاک ویلز کے مطابق انہیں ٹویوٹا کرولا الٹس فیس لفٹ کی تصاویر حاصل ہوئی ہیں جن میں گاڑی کے بیرونی ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
نئے ماڈل کے اگلے حصے میں نئی ہیڈلائٹس، نسبتاً پتلی اپر گرِل اور نیا فرنٹ بمپر شامل کیا گیا ہے جبکہ الائے رمز کو بھی اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔
گاڑی کے پچھلے حصے میں ٹیل لیمپس اور بمپر کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ پاکستان میں دیکھی گئی گاڑی پر ’الٹس‘ اور ’ایکس 1.8‘ کے بیجز بھی موجود ہیں۔
تاہم گاڑی کی مجموعی باڈی اور شکل موجودہ کرولا سے زیادہ مختلف نہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ مکمل نئی جنریشن کے بجائے موجودہ ماڈل کا فیس لفٹ ورژن ہے۔
پاک ویلز کے مطابق فیس لفٹ ماڈل میں انجن یا پاور ٹرین کے حوالے سے بڑی تبدیلی کی تصدیق اب تک سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں دستیاب کرولا میں 1.6 لیٹر انجن 120 ہارس پاور اور 154 این ایم ٹارک جبکہ 1.8 لیٹر انجن 138 ہارس پاور اور 173 این ایم ٹارک پیدا کرتا ہے۔
ٹویوٹا نے نئے فیس لفٹ ماڈل کے انجن، ٹرانسمیشن اور حتمی فیچرز کی باضابطہ تفصیلات تاحال جاری نہیں کیں۔
پاکستان میں ٹویوٹا کرولا 11ویں جنریشن کے پلیٹ فارم پر طویل عرصے سے فروخت ہو رہی ہے (فوٹو: پاک ویلز)
پاکستان میں ٹویوٹا کرولا 11ویں جنریشن کے پلیٹ فارم پر طویل عرصے سے فروخت ہو رہی ہے اور مضبوط ری سیل ویلیو، سپیئر پارٹس کی دستیابی اور وسیع ڈیلرشپ نیٹ ورک کے باعث مقبول ہے۔
تاہم مقامی مارکیٹ میں چینی گاڑیوں، ہائبرڈز اور دیگر جدید فیچرز سے لیس گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مسابقت کے باعث کرولا کے نئے فیس لفٹ ماڈل میں اضافی فیچرز بھی صارفین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔
ٹویوٹا نے کرولا الٹس فیس لفٹ کی لانچ تاریخ، قیمت اور حتمی ویریئنٹ لائن اپ کا باضابطہ اعلان اب تک نہیں کیا۔
موجودہ ماڈل کی قیمت تقریباً 61 لاکھ 20 ہزار روپے سے شروع ہو کر 77 لاکھ 30 ہزار روپے تک ہے تاہم فیس لفٹ ماڈل کی قیمت اس سے مختلف ہو سکتی ہے۔
فیس لفٹ کرولا کی بکنگ، قیمت اور دیگر تفصیلات ٹویوٹا کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد واضح ہوں گی۔