فرانس میں شرح پیدائش بڑھانے کی مہم، والدین کو اب تنخواہ کے ساتھ اضافی چھٹیاں بھی ملیں گی
فرانس میں اس سے قبل پہلے بچے کی پیدائش پر ماؤں کو قریباً چار ماہ کی زچگی چھٹیاں ملتی تھیں (فوٹو: شٹرسٹاک)
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکخواں کی جانب سے شرحِ پیدائش میں کمی کے مسئلے سے نمٹنے کی کوششوں کے تحت بدھ کو نئے قواعد نافذ کیے گئے جن کے مطابق ماں اور باپ دونوں موجودہ چھٹیوں کے علاوہ ایک یا دو ماہ کی اضافی چھٹی آپس میں تقسیم کر سکیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فرانس میں اس سے قبل پہلے بچے کی پیدائش پر ماں کو قریباً چار ماہ کی تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دی جاتی تھیں جبکہ والد کو 28 دن کی چھٹی دی جاتی تھی۔
نئے قانون کے تحت اضافی چھٹی لینے والے والدین کو پہلے مہینے میں اپنی تنخواہ کی 70 فیصد اور دوسرے مہینے میں 60 فیصد ادائیگی کی جائے گی۔
یہ سہولت یکم جنوری 2026 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کے والدین کے لیے دستیاب ہو گی جبکہ بچوں کو گود لینے والے والدین بھی اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یاد رہے کہ یورپی یونین کے کئی ممالک کی طرح فرانس میں بھی شرحِ پیدائش مسلسل کم ہو رہی ہے۔
گزشتہ سال دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ فرانس میں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد ملک میں ہونے والی اموات سے کم ریکارڈ کی گئی تھی۔
تاہم بعض حقوقِ نسواں تنظیموں نے اصلاحات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنفی مساوات میں خاطر خواہ بہتری آنے کا امکان نہیں کیونکہ اضافی چھٹی عموماً کم آمدن والے شریکِ حیات، جو اکثر خواتین ہوتی ہیں، ہی استعمال کریں گی۔
