Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹائن کیپ ورڈے کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

میچ کے 60 ویں منٹ میں ڈیروئے ڈوارٹے نے شاندار گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا (فوٹو: اے ایف پی)
میامی میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے ایک یادگار اور اعصاب شکن مقابلے میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے کیپ ورڈے کی حیران کن مزاحمت کو اضافی وقت میں 3-2 سے توڑ کر آخری 16 ٹیموں میں جگہ بنا لی۔
اس سنسنی خیز مقابلے کے اصل ہیرو لیونل میسی رہے جنہوں نے ورلڈ کپ کا اپنا 20 واں گول داغا۔
میامی کی شدید گرمی میں کھیلے گئے اس میچ میں کپتان لیونل میسی نے شاندار کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا اپنا ساتواں گول کر کے ارجنٹائن کو برتری دلائی۔
تاہم پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والی کیپ ورڈے نے ہار ماننے سے انکار کر دیا۔
میچ کے 60 ویں منٹ میں ڈیروئے ڈوارٹے نے شاندار گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
اضافی وقت کے آغاز میں لیسانڈرو مارٹنیز نے ارجنٹائن کو دوبارہ برتری دلائی لیکن سڈنی لوپس کابلار نے ایک سحر انگیز شاٹ کے ذریعے گیند کو نیٹ میں پہنچا کر سکور 2-2 کر دیا۔ اسٹیڈیم میں موجود 65 ہزار تماشائیوں کی سانسیں تھم گئیں اور میچ پنالٹی شوٹ آؤٹ کی طرف بڑھتا دکھائی دینے لگا۔

اس سنسنی خیز مقابلے کے اصل ہیرو لیونل میسی رہے جنہوں نے ورلڈ کپ کا اپنا 20 واں گول داغا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ایسے میں میسی کی ایک کارنر کک ارجنٹائن کے کام آئی جس پر کرسٹین رومیرو کے ہیڈر کے بعد گیند کیپ ورڈے کے کھلاڑی ڈینی بورجیس سے ٹکرا کر اون گول کی صورت میں نیٹ میں چلی گئی۔
ارجنٹائن کے ہیڈ کوچ لیونل سکالونی کے لیے یہ ان کا 100 واں میچ تھا، انہوں نے اعتراف کیا کہ انڈر ڈاگ ٹیم سے ہارنا ’پاگل پن‘ ہوتا۔
ان کا کہنا تھا ’یہ ایک انتہائی سخت میچ تھا، مخالف ٹیم نے ثابت کیا کہ وہ ایک عظیم ٹیم ہیں۔ ہم بہت تھک چکے ہیں۔‘
اب منگل کو اٹلانٹا میں ارجنٹائن کا مقابلہ مصر سے ہو گا جہاں فٹبال کے مداحوں کو ایک اور کانٹے دار مقابلے کی امید ہے۔

شیئر: