Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکشے کمار اور ہدایتکار پریہ درشن کی نئی کامیڈی فلم کون سی ہو گی؟

 ’وِکڈ سنی‘ کا عنوان فلم کی کہانی اور مرکزی کردار کے مزاج سے مکمل مطابقت رکھتا ہے (فوٹو: یوٹیوب)
بالی وڈ کے سپر سٹار اکشے کمار اور معروف ہدایتکار پریہ درشن ایک بار پھر نئی فلم کے لیے اکٹھے ہو رہے ہیں۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کی آئندہ کامیڈی تھرلر فلم کا نام ’وِکڈ سنی‘ رکھ دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم کو معروف پروڈیوسر رمیش تورانی اپنی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے تیار کریں گے۔
اس سے قبل اکشے کمار اور پریہ درشن کی مشترکہ فلموں ’بھوت بنگلا‘ اور ’حیوان‘ کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’وِکڈ سنی‘ کا عنوان فلم کی کہانی اور مرکزی کردار کے مزاج سے مکمل مطابقت رکھتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’وِکڈ سنی‘ وہی مشہور تھیم تھا جو سنہ2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ میں اکشے کمار کے کردار کے ساتھ استعمال کیا گیا تھا اور آج بھی مداحوں میں بے حد مقبول ہے۔
رپورٹس کے مطابق ’وِکڈ سنی‘ میں اکشے کمار ایک منفرد اور مزاحیہ کردار میں نظر آئیں گے، جو ان کی حالیہ کامیڈی فلموں کے کرداروں سے کافی مختلف ہوگا۔ فلم سازوں کو امید ہے کہ یہ کردار شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایک کامیڈی تھرلر فلم ہوگی، جس کی کہانی پریہ درشن اور مصنف روہن شنکر نے مشترکہ طور پر تحریر کی ہے۔ دونوں اس سے قبل ’بھوت بنگلا‘ میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ رواں سال دسمبر میں شروع کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ دیگر کاسٹ اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔
واضح رہے کہ اکشے کمار اور پریہ درشن ماضی میں ’ہیرا پھیری‘، ’گرم مصالحہ‘، ’بھاگم بھاگ‘، ’بھول بھلیاں‘، ’دے دانا دان‘ اور ’کھٹا میٹھا‘ جیسی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ’حیوان‘ دونوں کی آٹھویں جبکہ ’وِکڈ سنی‘ ان کی نویں مشترکہ فلم ہوگی۔

شیئر: