مراکش نے کینیڈا کے خواب چکنا چور کر دیے، ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی
مراکش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ممالک میں شامل کینیڈا کو 3-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ کینیڈا ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والا پہلا میزبان ملک بن گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 2022 ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیم مراکش اب کوارٹر فائنل میں فیورٹ فرانس یا پیراگوئے کا سامنا کرے گی۔
پہلے ہاف میں کھیل زیادہ تر سخت ٹکراؤ اور فاؤلز تک محدود رہا، جہاں گول کے مواقع کم اور پیلے کارڈز زیادہ دیکھنے میں آئے۔
دوسرے ہاف کے آغاز کے پانچ منٹ بعد مڈفیلڈر عزالدین اوناحی نے باکس کے باہر سے زبردست شاٹ لگا کر مراکش کو برتری دلا دی۔
اپنی فٹ بال تاریخ کا سب سے بڑا میچ کھیلنے والی کینیڈا کی ٹیم نے برابری کی بھرپور کوشش کی، مگر 82ویں منٹ میں اوناحی نے جوابی حملے پر اپنا دوسرا گول کر کے حریف کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
میچ کے آخری لمحے، 98ویں منٹ میں، متبادل کھلاڑی سفیان رحیمی نے تیسرا گول کر کے مراکش کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
پہلے ہاف میں کینیڈا کی ٹیم بہتر دکھائی دی۔ 68 ہزار 777 تماشائیوں کے سامنے کینیڈین کھلاڑیوں نے کئی اچھے مواقع پیدا کیے، مگر وہ انہیں گول میں تبدیل نہ کر سکے۔
دسویں منٹ میں ٹانی اولوواسیئی کے خطرناک شاٹ کو مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے شاندار انداز میں بچایا، جبکہ ایک کارنر پر السٹیئر جانسٹن کا فری ہیڈر بھی ضائع ہو گیا۔
20ویں منٹ میں مراکش کو بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب ٹورنامنٹ میں تین گول کرنے والے اسماعیل صیباری انجری کے باعث میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے اور ان کی جگہ سفیان رحیمی میدان میں آئے۔
پانی کے وقفے کے فوراً بعد رحیمی نے دور سے شاٹ لگا کر مراکش کی جانب سے پہلا آن ٹارگٹ شاٹ لیا۔
ہاف ٹائم سے قبل مراکش کے کپتان اشرف حکیمی اور کینیڈا کے رچی لاریا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ اور دھکم پیل بھی ہوئی، جس پر ریفری مائیکل اولیور نے دونوں کو پیلا کارڈ دکھایا۔
پہلے ہاف میں مجموعی طور پر چھ کھلاڑیوں کو پیلے کارڈز ملے، جن میں چار مراکش کے تھے۔
وقفے کے بعد مراکش مکمل طور پر بدلی ہوئی ٹیم نظر آئی۔
50ویں منٹ میں اشرف حکیمی نے فری کک پر گیند اوناحی کو پاس کی، جنہوں نے بغیر کسی تاخیر کے طاقتور شاٹ کے ذریعے گول کر دیا۔ کینیڈا کے گول کیپر میکسیم کریپو کی نظر اپنے ہی دفاعی کھلاڑیوں کی وجہ سے گیند پر نہ پڑ سکی۔
بعد ازاں اوناحی نے ایک اور شاندار گول سکور کیا، جبکہ سفیان رحیمی نے انجری ٹائم میں تیسرا گول کر کے مراکش کی کوارٹر فائنل تک رسائی یقینی بنا دی۔