’اگر کسی نے یہ کرنا تھا تو وہ میں تھا،‘ مصر کے کپتان محمد صلاح کی پنینکا پنالٹی کا راز
مصر کے کپتان محمد صلاح نے کہا ہے کہ شدید دباؤ کے باوجود پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ’پنینکا‘ انداز میں پنالٹی لینے کا فیصلہ انہوں نے آخری لمحے میں کیا، تاکہ اپنی ٹیم کو اعتماد مل سکے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق لیورپول سٹار نے شوٹ آؤٹ میں مصر کی جانب سے تیسری پنالٹی لی اور نہایت اعتماد سے گیند کو ہلکے سے چِپ کرتے ہوئے گول کر دیا۔
مصر نے آسٹریلیا کو 1-1 سے برابر رہنے والے میچ کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دے کر پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کا میچ جیت لیا۔
اب مصر کا اگلا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا۔
34 سالہ صلاح ہیم سٹرنگ انجری کے باعث مکمل فٹ دکھائی نہیں دے رہے تھے، تاہم انہوں نے پورے 120 منٹ میدان میں گزارے اور فیصلہ کن موقع پر اپنی ذمہ داری نبھائی۔
میچ کے بعد صلاح نے کہا کہ ’اگر کسی نے یہ پنالٹی اس انداز میں لینی تھی تو وہ میں ہی تھا۔ میں دوسروں سے زیادہ تجربہ رکھتا ہوں اور ٹیم کو اعتماد دینا چاہتا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے آخری لمحے میں فیصلہ کیا کہ یہی کرنا ہے۔‘
صلاح نے مصر کی اس کامیابی کو ’تاریخی‘ قرار دیتے ہوئے ساتھی کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ اس لمحے سے بھرپور لطف اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں ہمیشہ ہر لمحے سے لطف اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں کیونکہ یہ دوبارہ واپس نہیں آتا۔ اسی لیے میں لڑکوں سے کہتا ہوں کہ اس لمحے کو جیو۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ مصر نے اس سے پہلے کبھی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے سے آگے رسائی حاصل نہیں کی تھی، اس لیے یہ کامیابی جشن منانے کے قابل ہے۔
میچ سے ایک روز قبل مصر کے کوچ حسام حسن نے کہا تھا کہ وہ اس بات پر یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے کہ صلاح میچ کے لیے مکمل فٹ ہوں گے، تاہم انہوں نے انہیں ابتدائی ٹیم میں شامل کیا، جہاں عمر مرموش بھی اٹیک میں موجود تھے۔
صلاح اس ٹورنامنٹ میں اب تک ایک گول اور دو اسسٹ کر چکے ہیں، جبکہ قومی ٹیم کے لیے وہ اوسطاً ہر دوسرے میچ میں ایک گول سکور کرتے ہیں۔