مصر کے کوچ نے ورلڈ کپ میں تاریخی فتح فلسطینی عوام کے نام کر دی، ’میرا دل، میری روح فلسطینیوں کیساتھ ہیں‘
مصر کی فٹ بال ٹیم کوچ حسام حسن نے آسٹریلیا کو شکست دے کر پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے آخری 16 مرحلے میں پہنچنے کی تاریخی کامیابی کو فلسطین کے عوام کے نام کر دی۔
عرب نیوز کے مطابق جمعہ کو ڈیلاس سٹیڈیم میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 32 کے مقابلے میں مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی۔ میچ جیتنے کے فوراً بعد حسام حسن فلسطینی پرچم اٹھائے میدان کے ایک کونے کی جانب گئے اور تاریخی کامیابی کا جشن منایا۔
سوشل میڈیا پر حسام حسن کی فلسطین اور مصر کے پرچم تھامے جشن منانے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
میچ کے بعد حسام حسن نے کہا کہ ’میرا دل اور میری روح فلسطین کے نیک دل عوام کے ساتھ ہیں۔ میں ان کا بے حد شکر گزار ہوں کہ وہ ہماری کامیابی پر خوش ہوئے۔ اللہ ان کی حفاظت کرے اور ان کے شہداء پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔ میں یہ فتح مصر کے عوام اور فلسطین کے عوام کے نام کرتا ہوں۔‘
ایکس پر ہزاروں بار شیئر کی جانے والی 28 سیکنڈ کی ایک ویڈیو میں 1990 کے ورلڈ کپ میں مصر کی نمائندگی کرنے والے سابق سٹرائیکر حسام حسن کو فلسطینی پرچم لہراتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ پس منظر میں شائقین ’فری، فری فلسطین‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دیگر ویڈیوز میں غزہ کے عوام کو بھی مصر کی تاریخی کامیابی کا جشن مناتے دیکھا گیا۔
اس فتح کے بعد مصر اب ورلڈ کپ کے آخری 16 مرحلے میں لیونل میسی کی ارجنٹینا کے مدمقابل ہوگا۔