Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کا یومِ آزادی: فرانس میں ایفل ٹاور پر چڑھ کر امریکی جھنڈا لہرانے والا شخص گرفتار

انتظامیہ کی جانب سے بعد میں ٹاور سے امریکی جھنڈا اتار دیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے ایفل ٹاور پر چڑھ کر امریکی پرچم لہرا دیا۔
اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ امریکہ کے 250 ویں یومِ آزادی کے موقعے پر پیش آیا۔
حکام کے مطابق سنیچر کی دوپہر ایک شخص کو پیرس کی اس تاریخی یادگار کی دوسری اور تیسری منزل کے درمیان اوپر کی طرف چڑھتے ہوئے دیکھا گیا جہاں اس نے جا کر امریکی جھنڈا لٹکا دیا۔
اس واقعے کے فوراً بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ حفاظتی انتظامات کے پیشِ نظر ایفل ٹاور کے صحن سمیت دوسری اور تیسری منزل کو کچھ دیر کے لیے سیاحوں سے خالی کرا لیا گیا۔
پیرس پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے شخص نے تاحال اس اقدام کی وجوہات یا اپنے عزائم کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے بعد میں ٹاور سے امریکی جھنڈا اتار دیا گیا۔
واضح رہے کہ 324 میٹر (1063 فٹ) بلند ایفل ٹاور کو دیکھنے کے لیے ہر سال دنیا بھر سے لگ بھگ 70 لاکھ سیاح ٹکٹ خرید کر یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
’آئرن لیڈی‘ کے نام سے مشہور یہ تاریخی ڈھانچہ نامور انجینئر گستاو ایفل نے 1889 کی عالمی نمائش (ورلڈ فیئر) کے لیے تیار کیا تھا جو اب فرانسیسی دارالحکومت کی سب سے بڑی پہچان بن چکا ہے۔

شیئر: