Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان نے تیسری بار سہرا باندھ لیا، ’محبت کی کوئی عمر نہیں ہوتی‘

شادی کی تقریب عامر خان کے گھر میں سادگی سے انجام پائی (فوٹو: انڈین میڈیا)
انڈیا میں ایک فلم بہت مقبول ہوئی تھی 'شادی میں ضرور آنا'، بالی وڈ کے 'مسٹر پرفیکشنسٹ' عامر خان ایک بار پھر سے اپنے سر سہرا باندھ لیا ہے۔
طویل قیاس آرائیوں کے بعد عامر خان نے دو روز قبل خود تصدیق کی تھی کہ وہ پانچ جولائی کو اپنی قریبی دوست اور ساتھی گوری سپریٹ سے شادی کر رہے ہیں لیکن اس شادی کی سب سے نمایاں بات اس کی سادگی ہے۔ نہ شاہانہ تقریب، نہ ستاروں سے سجا استقبالیہ، بلکہ صرف خاندان، چند قریبی دوست اور قربت کے لمحات سے بھرپور ایک مختصر تقریب۔
خبررساں ادارے اے این آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق عامر خان نے راج کمار ہیرانی کی ویب سیریز 'پریتم اینڈ پیڈرو' کی خصوصی سکریننگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: 'ہاں، میری شادی 5 جولائی کو ہو رہی ہے۔ بہت ہی چھوٹی سی شادی کی تقریب ہے، گھر میں ہی کر رہے ہیں۔ دونوں خاندان کے افراد ہوں گے، کچھ خاص دوست ہوں گے اور ہم آپ سب کی دعائیں چاہتے ہیں۔'
پچیس برس پرانی ملاقات، جو محبت میں بدل گئی
دی انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق عامر خان اور گوری سپریٹ کی پہلی ملاقات تقریباً پچیس برس قبل بنگلور (آج بنگلورو) میں ہوئی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کا رابطہ منقطع ہوگیا، لیکن قسمت نے انہیں دوبارہ ملا دیا۔ دوستی نے آہستہ آہستہ محبت کی شکل اختیار کی اور اب دونوں اپنی زندگی کا نیا سفر ایک ساتھ شروع کرنے جا رہے ہیں۔
گوری سپریٹ فیشن، فوٹوگرافی اور کاروباری دنیا سے وابستہ رہی ہیں اور اس وقت وہ عامر خان پروڈکشنز کے ساتھ بھی کام کر رہی ہیں۔ عامر نے مارچ 2025 میں اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی مرتبہ انہیں میڈیا کے سامنے اپنی پارٹنر کے طور پر متعارف کرایا تھا۔

 تیسری شادی، مگر انداز بالکل مختلف

یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی پہلی شادی رینا دتہ سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید اور ایرا ہیں۔ بعد میں انہوں نے فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، جن سے ان کا بیٹا آزاد ہے۔

چند روز قبل عامر خان نے گوری سپریٹ سے شادی کرنے کا اعلان کیا تھا (فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام)

دی ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اگرچہ دونوں شادیاں اختتام کو پہنچیں، تاہم عامر کے اپنی سابقہ شریک حیات کے ساتھ خوشگوار تعلقات آج بھی برقرار ہیں اور وہ مشترکہ طور پر اپنے بچوں کی پرورش اور بعض پیشہ ورانہ منصوبوں میں بھی ساتھ کام کرتے ہیں۔

صرف خاندان، چند دوست اور گھر کی تقریب

ذرائع کے مطابق شادی ممبئی کے باندرہ میں واقع عامر خان کی رہائش گاہ پر سپیشل میرج ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کی گئی۔ تقریب میں تقریباً 100 سے 150 افراد شریک ہوئے جن میں دونوں خاندانوں کے افراد، بچپن کے دوست اور چند انتہائی قریبی عزیز شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی کے کھانے کا مینو خود عامر اور گوری کے بچوں نے تیار کیا ہے۔ بیرونِ ملک سے بھی بعض رشتہ دار تقریب میں شرکت کے لیے ممبئی پہنچے ہیں، جبکہ کسی بڑے فلمی ستارے کو دعوت نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی شاندار استقبالیے کا منصوبہ ہے۔
گزشتہ چند برسوں میں بالی وڈ کی بڑی شادیاں کروڑوں روپے کے اخراجات اور شاہانہ انتظامات کے باعث موضوعِ بحث بنتی رہی ہیں۔ ایسے ماحول میں عامر خان کا سادہ اور گھریلو انداز بہت سے لوگوں کے لیے حیرت کا باعث بھی بنا ہے۔ کئی مبصرین کا خیال ہے کہ عامر اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی چکاچوند سے دور رکھنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس تقریب کو صرف اپنے عزیزوں تک محدود رکھا ہے۔

انٹرنیٹ صارفین عامر خان اور ان کی اہلیہ کو مبارک باد دے رہے ہیں (فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام)

سوشل میڈیا پر بھی اس شادی کی بازگشت نظر آ رہی ہے۔ شادی کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مبارک باد، مزاح اور تنقید تینوں طرح کے ردِعمل دیکھنے کو ملے۔
سابق اداکارہ سومی علی نے عامر اور گوری کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ 'محبت کی کوئی عمر نہیں ہوتی اور خوشی کا انتخاب کرنے میں کبھی دیر نہیں ہوتی۔' انہوں نے اس فیصلے کو ایک نئی زندگی کے آغاز سے تعبیر کرتے ہوئے دونوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
کئی صارفین نے عامر کی سادگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ اگر دو افراد اپنی مرضی سے نئی زندگی شروع کرنا چاہتے ہیں تو اس میں اعتراض کی کوئی بات نہیں۔
ریڈٹ پر ایک تبصرے کو بہت زیادہ لوگوں نے پسند کیا ہے کہ 'اگر دونوں خوش ہیں اور خاندان بھی ساتھ ہے تو مسئلہ کیا ہے؟'
بعض صارفین نے یہ بھی کہا کہ بڑے بجٹ کی شادیوں کے بجائے رجسٹرڈ اور سادہ تقریبات معاشرے کے لیے بہتر مثال بن سکتی ہیں۔

عامر خان کی پہلی شادی رینا دتہ جبکہ دوسری کرن راؤ سے ہوئی تھی (انڈین میڈیا)

دوسری جانب کچھ ناقدین نے عامر خان کی تیسری شادی پر طنزیہ تبصرے بھی کیے اور اسے سوشل میڈیا پر طنز و مزاح بنا دیا۔ تاہم ان کے مداحوں کی بڑی تعداد نے اس بات پر زور دیا کہ ہر انسان کو اپنی زندگی میں خوش رہنے اور نئی شروعات کرنے کا حق حاصل ہے۔
عامر خان ہمیشہ اپنی فلموں کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے ہیں۔ اس بار بھی ان کی شادی صرف اس لیے موضوعِ بحث نہیں کہ یہ ان کی تیسری شادی ہے، بلکہ اس لیے بھی کہ ایک بڑے سپر سٹار نے چمک دمک سے دور رہ کر سادگی کو ترجیح دی ہے۔
ممبئی میں بارش کے اس موسم میں اب تمام نظریں شادی کی یادگار تقریب پر مرکوز ہیں، جہاں نہ سرخ قالین ہے، نہ فلمی دنیا کی بھیڑ، بلکہ صرف دو خاندان، چند پرانے دوست اور ایک نئی زندگی کی خاموش مگر خوشگوار عہدوپیماں۔

شیئر: