Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپین نے پرتگال کو شکست دے کر رونالڈو کا ورلڈ کپ کا خواب چکنا چور کر دیا، بیلجیم امریکہ کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں

سپین نے پیر کو پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر کرسٹیانو رونالڈو کے ورلڈ کپ جیتنے کے خواب کا خاتمہ کر دیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ بیلجیم نے  امریکہ کو ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
امریکہ بیلجیم کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں متنازع فیصلے کے بعد بحال کیے گئے سٹرائیکر فلورین بالوگن کے ساتھ میدان میں اتری تاہم چار کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
اے ایف پی کے مطابق سپین کے متبادل کھلاڑی میکیل میرینو نے سٹاپیج ٹائم کے پہلے ہی منٹ میں نہایت پُرسکون انداز میں فیصلہ کن گول کر کے آرلنگٹن، ٹیکساس کے اے ٹی اینڈ ٹی سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئبیریائی حریفوں کے درمیان سخت مقابلے کا فیصلہ سپین کے حق میں کر دیا۔

اس فتح کے ساتھ 2010 کی عالمی چیمپئن سپین نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں جمعہ کو اس کا مقابلہ بیلجیم سے ہوگا۔

اس شکست کے ساتھ پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کے لیے ورلڈ کپ کا سفر افسوسناک انداز میں اختتام پذیر ہوا۔ 41 سالہ سپر سٹار اپنے کیریئر کے چھٹے ورلڈ کپ میں شریک تھے۔
سابق مانچسٹر یونائیٹڈ اور ریال میڈرڈ سٹار رونالڈو، جو امریکہ میں جاری مشکل مہم کے دوران اپنی بہترین فارم بحال کرنے میں ناکام رہے، طویل عرصے سے اپنے تین دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر میں ورلڈ کپ ٹرافی کا اضافہ کرنے کا خواب دیکھ رہے تھے۔
تاہم اس میچ میں وہ زیادہ مؤثر ثابت نہ ہو سکے۔ پرتگال پوری ٹیم کے طور پر صرف دو شاٹس ہی ہدف پر لگا سکا، جبکہ سپین نے چھ مرتبہ گول پر حملہ کیا۔
شکست کے بعد رونالڈو نے کہا کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے سے پہلے کچھ وقت لیں گے۔
انہوں نے کہا،’جی ہاں، یہ میرا آخری ورلڈ کپ تھا، لیکن اب میں اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاروں گا، مستقبل کے بارے میں سوچوں گا، جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کروں گا اور زندگی کو آگے بڑھاؤں گا۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’یہی فٹبال ہے، یہی ایک فٹبالر کی زندگی ہے۔ کبھی آپ جیتتے ہیں، کبھی ہارتے ہیں، اور پھر آگے بڑھنا پڑتا ہے۔‘
یورپی چیمپئن سپین کو پرتگال کے مضبوط دفاع کو توڑنے میں دشواری کا سامنا رہا، تاہم سٹاپیج ٹائم میں ایک تیز رفتار فری کک پر میکیل میرینو نے تھرو بال وصول کر کے گیند کو ڈیوگو کوسٹا کے پاس سے جال میں پہنچا دیا۔

بیلجیم نے امریکہ کو 1-4 سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا

بیلجیم نے پیر کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ میزبان امریکہ کو 1-4 سے شکست دے کر اس کے ورلڈ کپ سفر کا خاتمہ کر دیا۔
اس میچ سے قبل امریکی فارورڈ فلورین بالوگن کی ریڈ کارڈ کے باوجود فیفا کی جانب سے معطلی ختم کیے جانے کا معاملہ خاصا زیرِ بحث رہا، تاہم وہ میدان میں کوئی خاص اثر نہ چھوڑ سکے اور بیلجیم نے آسانی سے کامیابی اپنے نام کر لی۔ یہ مقابلہ سیئٹل میں کھیلا گیا۔

شیئر: