Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میں نے ہر ممکن کوشش کی، لیکن اب سب ختم ہو گیا‘، اشکبار آنکھوں کے ساتھ نیمار کا برازیل ٹیم کو الوداع

برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار نے اشارہ دیا ہے کہ برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ ان کا سفر اختتام کو پہنچ گیا ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد اشارہ دیا ہے کہ برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ ان کا سفر اختتام کو پہنچ گیا ہے۔
ای ایس پی این کے مطابق 34 سالہ نیمار میچ کے اختتام پر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور نیو جرسی کے میٹ لائف سٹیڈیم میں آخری سیٹی بجتے ہی میدان میں بیٹھ کر رونے لگے، جہاں ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں تسلی دی۔
برازیل کو ناروے کے خلاف دو ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ناروے کی جانب سے دونوں گول ارلنگ ہالینڈ نے کیے، جبکہ نیمار نے انجری ٹائم میں پنالٹی پر برازیل کا واحد گول کیا۔

یہ 1990 کے بعد پہلا موقع ہے کہ برازیل ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں باہر ہوا ہے۔

میچ کے بعد برازیلی نشریاتی ادارے گلوبو سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا، ’میں نے ہر ممکن کوشش کی، لیکن اب سب ختم ہو گیا۔ میں نے اپنے سفر کا آغاز یہیں سے کیا تھا اور اب یہیں اس کا اختتام ہو رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ نیمار نے اگست 2010 میں امریکہ کے خلاف اسی میٹ لائف سٹیڈیم میں برازیل کے لیے ڈیبیو کیا تھا اور اپنے پہلے ہی بین الاقوامی میچ میں گول بھی کیا تھا۔
نیمار 80 گولز کے ساتھ برازیل کی تاریخ کے سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے والے کھلاڑی ہیں اور اس فہرست میں انہوں نے عظیم فٹبالر پیلے کو بھی پیچھے چھوڑ رکھا ہے، جن کے 77 گول تھے۔

ناروے کے خلاف کیا گیا گول انہیں پیلے کے بعد صرف دوسرے برازیلی کھلاڑی کے طور پر چار مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے کا اعزاز بھی دے گیا۔
نیمار نے برازیل کے لیے 130 بین الاقوامی میچ کھیلے، جو صرف سابق کپتان کافو کے 142 میچوں سے کم ہیں۔
دائیں پنڈلی کی انجری کے باعث نیمار اس ورلڈ کپ میں صرف دو میچ کھیل سکے۔ 

وہ گروپ مرحلے میں سکاٹ لینڈ کے خلاف صرف 15 منٹ میدان میں رہے، جبکہ ناروے کے خلاف راؤنڈ آف 16 کے میچ میں 67ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے۔

گزشتہ ایک دہائی تک برازیل کے نمایاں ترین کھلاڑی رہنے والے نیمار کا کیریئر حالیہ برسوں میں مسلسل انجریز سے متاثر رہا، جس کے باعث وہ پہلے جیسا اثر نہ رکھ سکے۔ 

برازیل اب نئی نسل کے کھلاڑیوں کے ساتھ تبدیلی کے دور میں داخل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔


برازیل کے کوچ کارلو انچیلوتی نے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اس نتیجے کا دکھ ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)

برازیل کے کوچ کارلو انچیلوتی نے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اس نتیجے کا دکھ ہے،  ٹیم اس شکست کو نئے دور کے لیے حوصلہ اور سبق بنائے گی۔
انہوں نے کہا، ’یہ ہمارے لیے بہت مایوس کن نتیجہ ہے اور ہر کوئی دکھی ہے۔ میرے خیال میں ہم شکست کے مستحق نہیں تھے، لیکن فٹبال میں کبھی کبھی ایسے نتائج کو قبول کرنا پڑتا ہے۔‘
انچیلوتی کے مطابق ٹیم اس شکست کو بھلا کر مستقبل کی تیاری کرے گی تاکہ آئندہ بہتر انداز میں واپسی کی جا سکے۔
 

شیئر: