’امید ہے کل میرا آخری میچ نہیں ہوگا‘، رونالڈو نے اپنے آخری ورلڈ کپ کا اعلان کر دیا
’امید ہے کل میرا آخری میچ نہیں ہوگا‘، رونالڈو نے اپنے آخری ورلڈ کپ کا اعلان کر دیا
پیر 6 جولائی 2026 15:38
کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کی ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا (فوٹو:اے ایف پی)
پرتگال کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کی ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 ان کے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔
امریکی نشریاتی ادارے ای ایس پی این کے مطابق 41 سالہ رونالڈو نے سپین کے خلاف راؤنڈ آف 16 کے اہم میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ اس ٹورنامنٹ کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں، تاہم انہیں امید ہے کہ سپین کے خلاف ہونے والا میچ ان کے کیریئر کا آخری میچ ثابت نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اس ورلڈ کپ کے ہر لمحے سے لطف اٹھانا چاہتا ہوں۔ یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہے، لیکن مجھے امید ہے کہ کل میرا آخری میچ نہیں ہوگا۔‘
رونالڈو نے کہا کہ ایک نہ ایک دن قومی ٹیم سے بھی رُخصت ہونے کا وقت آئے گا، لیکن انہیں اس بات کا اطمینان ہے کہ انہوں نے اپنے ملک اور فٹبال کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔
ان کے مطابق ’وہ دن ضرور آئے گا، لیکن جو بھی ہو، میں مطمئن ہوں کیونکہ میں نے فٹبال کے لیے اپنا سب کچھ دیا ہے۔ مجھے کسی چیز کی کمی نہیں، میری زندگی اچھی ہے، مگر میں فٹبال صرف اس لیے کھیلتا ہوں کہ مجھے اس کھیل سے محبت ہے۔‘
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’اس ورلڈ کپ میں میرے تین گول ہو چکے ہیں، اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ میری کارکردگی زیادہ بُری نہیں رہی۔‘
رونالڈو 2006، 2010، 2014، 2018، 2022 اور 2026 سمیت چھ فیفا ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔
ازبکستان کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ میں گول کر کے انہوں نے ایک اور منفرد اعزاز بھی اپنے نام کیا اور چھ مختلف ورلڈ کپ میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
اس کے بعد راؤنڈ آف 32 میں کروشیا کے خلاف پینلٹی پر کیا گیا گول ان کے ورلڈ کپ ناک آؤٹ مرحلے کا پہلا گول بھی ثابت ہوا۔
ورلڈ کپ 2026 کے بارے میں بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ان کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف میدان کے اندر کی بات نہیں۔ میں اس ورلڈ کپ کو ہمیشہ یاد رکھوں گا، کیونکہ اس بار شائقین کا جذبہ میرے لیے غیرمعمولی رہا۔‘
’جذباتی طور پر یہ میرے لیے بہترین ورلڈ کپ ثابت ہوا ہے اور میں نے اس کے ہر لمحے سے لطف اٹھایا ہے۔‘
سپین کے سٹار لامین یمال کے بارے میں سوال پر رونالڈو نے کہا کہ ’وہ غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
2016 میں پرتگال کو یورپی چیمپیئن بنوانے والے رونالڈو نے کہا کہ اگر وہ ورلڈ کپ نہ بھی جیت سکے تو ان کے کیریئر کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’ورلڈ کپ جیتنے یا نہ جیتنے سے میں کم یا زیادہ کرسٹیانو نہیں بن جاؤں گا۔ یقیناً ہمارے پاس ٹائٹل جیتنے کی صلاحیت موجود ہے، لیکن آخر میں صرف ایک ہی ٹیم چیمپیئن بنتی ہے۔‘
41 سال کی عمر میں بھی تنقید کا سامنا کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے تنقید سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
’تعمیری تنقید انسان کو بہتر بناتی ہے، جبکہ کچھ تنقید صرف آپ کو گرانے کے لیے ہوتی ہے۔ اگر طویل کیریئر چاہتے ہیں تو دونوں میں فرق سمجھنا ضروری ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وقت کے ساتھ میں نے سیکھا کہ ان لوگوں پر توجہ دینی چاہیے جو آپ سے محبت کرتے ہیں اور آپ کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔‘
سپین کے 18 سالہ سٹار لامین یمال کے بارے میں سوال پر رونالڈو نے کہا کہ وہ غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ طویل کیریئر چاہتے ہیں تو تنقید سے گھبرانے کے بجائے خود کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ ’اگر کوئی طویل کیریئر چاہتا ہے تو اسے تنقید سے متاثر ہونے کے بجائے خود کو مسلسل بہتر بنانا ہوگا۔‘
سپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے نے رونالڈو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بڑے مداح ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دوسری جانب سپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے نے بھی رونالڈو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بڑے مداح ہیں۔
ان کے مطابق ’رونالڈو ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو ہر روز خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور نوجوانوں کے لیے بہترین مثال ہیں۔ ہمیں ان کی صلاحیت اور تجربے سے ہر لمحہ محتاط رہنا ہوگا، کیونکہ وہ اب بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔‘