کسی بھی شادی میں تاریخ کے تعین، تقریب کی جگہ، کھانوں کی فہرست، مہمانوں کی تعداد، ملبوسات، زیورات، جہیز، اور ہنی مون وغیرہ کی ایک طویل فہرست ہوتی ہے جن کا بہت ہی باریک بینی کے ساتھ خیال رکھا جاتا ہے۔
اور ہر کوئی اپنی جیب، اپنی سماجی حیثیت، اپنی شناخت اور اپنی پسند کے تحت اس موقعے کو یادگار بنانا چاہتا ہے اور اسی وجہ سے شادی کے لیے پری میرج فوٹو شوٹ سے لے کر ہنی مون تک سب پہلے سے طے شدہ ہوتا ہے اور بعض لوگ ہر چیز میں اپنی طبع کے مطابق اپنے جدت پسند ہونے کی نمائش کرنے سے نہیں چوکتے۔
چنانچہ گزشتہ دنوں انڈیا میں ایسا ہی کچھ کر دکھانے کی ایک جوڑے کی کوشش نے سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث چھیڑ دی ہے۔
مزید پڑھیں
نندی گرام ایکسپریس (ٹرین نمبر 11002) کی فرسٹ اے سی کوچ کی ایک مختصر سی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ایسا ہنگامہ برپا کیا کہ معاملہ صرف چند پھولوں اور غباروں تک محدود نہیں رہا، بلکہ ریلوے انتظامیہ کی جان پر بن آيا اور تحقیقات، معطلی اور قانونی کارروائی تک جا پہنچا۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اس ٹرین کو ’سہاگ رات ایکسپریس‘ کے نام سے پکارا تو کسی نے ’ہنی مون آن وھیلز‘ سے تعبیر کیا۔
ویڈیو میں فرسٹ اے سی کے ایک کیبن کو اس انداز میں سجایا گیا تھا کہ وہ کسی لگژری ہوٹل کے ہنی مون سویٹ یا شادی کے خصوصی کمرے کا منظر پیش کر رہا تھا۔ سرخ گلاب، رنگ برنگ غبارے، فیری لائٹس اور دلکش آرائش نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔
Balloons, diyas, flower fittings, and a rose petal carpet.
Onboard the Nandigram Express, a decorator turned an AC first-class coupé into a honeymoon suite. pic.twitter.com/FgyDit6FLT
— Piyush Rai (@Benarasiyaa) July 8, 2026
ابتدا میں بہت سے لوگوں نے اسے ایک رومانوی سرپرائز قرار دیا، لیکن جلد ہی یہ سوال اُٹھنے لگا کہ ایک چلتی ٹرین میں اتنی بڑی آرائش کی اجازت کس نے دی؟
یہ ویڈیو جلنا (مہاراشٹر) کی ایک ایونٹ ڈیکوریشن سروس ’راحت روم ڈیکوریشن‘ کے انسٹاگرام پیج پر شیئر کی گئی تھی۔ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، مگر تنازع بڑھنے کے بعد اسے انسٹاگرام سے حذف کر دیا گیا۔ اب اس لنک پر جانے سے صرف یہ پیغام دکھائی دیتا ہے کہ صفحہ دستیاب نہیں ہے۔
بہر حال تنازع بڑھنے پر جنوبی وسطی ریلوے نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر وضاحت جاری کی۔ ریلوے کے مطابق 6 جولائی 2026 کو نندی گرام ایکسپریس میں سفر کرنے والے ایک جوڑے نے نجی طور پر ایک آن لائن ڈیکوریٹر کی خدمات حاصل کی تھیں تاکہ ان کے فرسٹ اے سی کیبن کو سجایا جا سکے۔
Honeymoon coach on Indian Railways. Ticket checker suspended.
South Central Zone
A couple travelling in Train No. 11002 Nandigram express on 6/7/26 had privately engaged a decorator online to decorate their 1st AC coupe.
The decorator's entry into the coach was… pic.twitter.com/1ati4A13G4
— Rajendra B. Aklekar (@rajtoday) July 8, 2026
ریلوے نے واضح کیا کہ ڈیکوریٹر کا جلنا سٹیشن سے کوچ میں داخل ہونا مکمل طور پر غیر قانونی تھا، اور اسے سکیورٹی کے تناظر میں سنگین کوتاہی تصور کیا گیا ہے۔ اسی وجہ سے متعلقہ ٹکٹ چیکر (ٹی ٹی ای) کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈیکوریٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
A couple travelling in Train No. 11002 Nandigram Express on 6th July, 2026 had privately engaged a decorator online to decorate their 1st AC coupe.
The decorator's entry into the coach at Jalna station was unauthorized and is viewed as a serious lapse. The concerned staff…
— South Central Railway (@SCRailwayIndia) July 8, 2026
ناقدین کا کہنا ہے کہ ’ایک نجی ڈیکوریٹر اگر پھول، غبارے، برقی لائٹس اور دیگر سامان کے ساتھ آسانی سے فرسٹ اے سی کوچ تک پہنچ سکتا ہے تو پھر کوئی شرپسند یا تخریب کار بھی اسی طرح سکیورٹی میں نقب لگا سکتا ہے۔‘ یہی پہلو اس پورے تنازع کا سب سے حساس اور تشویش ناک حصہ بن گیا۔
دوسری طرف کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ آرائش اگر کسی مسافر کی ذاتی خوشی کے لیے کی گئی تھی اور اس سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تو اس قدر سخت کارروائی شاید ضرورت سے زیادہ تھی۔ ان کے مطابق جرمانہ وصول کرکے کوچ کی صفائی کروا دینا ہی کافی تھا۔
سوشل میڈیا پر اس معاملے پر شدید بحث دیکھنے کو ملی۔ کئی صارفین نے ریلوے کی کارروائی کی حمایت کی، جبکہ بہت سے لوگوں نے انتظامیہ کی غفلت پر سوال اٹھائے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا کوچ سجائے جانے کے دوران ریلوے کے تمام ملازمین اور افسروں کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہوئی تھی؟ کارروائی صرف ڈیکوریٹر کے خلاف نہیں بلکہ سٹیشن ماسٹر سے لے کر آر پی ایف تک ہر ذمہ دار اہلکار کے خلاف ہونی چاہیے۔‘
ایک دوسرے صارف نے سوال اٹھایا کہ ’کوچ کو اگر کوئی نقصان پہنچا تھا تو اس کی صفائی اور مرمت کا خرچ جوڑے سے وصول کیا جا سکتا تھا۔ ایک ملازم کو معطل کرنا اور ڈیکوریٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنا شاید ضرورت سے زیادہ سخت قدم ہے۔‘
بہت سے صارفین نے مزاحیہ انداز بھی اختیار کیا۔ ایک پوسٹ میں ایک صارف نے لکھا کہ ’اب اگلی بار شاید لوگ سالگرہ کے لیے پوری کوچ بک کر کے ڈی جے بھی لے آئیں، چنانچہ اس سے پہلے ہی قواعد واضح کر دیجیے۔‘
ایک اور تبصرہ تھا کہ ’اصل مسئلہ پھول نہیں بلکہ سکیورٹی ہے۔ اگر بغیر اجازت کوئی شخص فرسٹ اے سی تک پہنچ سکتا ہے تو یہ ہر مسافر کے لیے تشویش کی بات ہے۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’پہلے لوگ ہوٹل کا کمرہ سجاتے تھے، اب ٹرین کا کیبن بھی ویڈنگ سویٹ بننے لگا ہے۔‘
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل محکمانہ تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کا تعین ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔ اس واقعے نے ایک بار پھر یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ عوامی سہولت اور ذاتی خوشی اپنی جگہ، لیکن ریلوے جیسے حساس اور محفوظ نظام میں ضابطوں سے معمولی انحراف بھی بڑے سوالات کو جنم دے سکتا ہے۔
ایک مختصر سی رومانی سرپرائز ویڈیو نے دیکھتے ہی دیکھتے سکیورٹی، انتظامی غفلت، قواعد کی پابندی اور سوشل میڈیا کی طاقت پر ایک قومی بحث چھیڑ دی ہے تاہم زیادہ تر صارفین اسے جدت کا اظہار اور کم خرچ بالا نشیں منصوبہ قرار دے رہے ہیں۔












