انڈیا کی شمال مشرقی ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے نواحی علاقے داناپور میں ایک ایسا منظر سامنے آیا ہے جس نے نہ صرف سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا بلکہ وہ پورے ملک میں تفریح، طنز اور بحث کا موضوع بھی بن گیا ہے۔
یہ اس وقت لوگوں کی نگاہ میں آیا جب انڈیا کے سب سے بڑے سرکاری بینک سٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے اے ٹی ایم کیبن (رقم نکالنے کے کمرے) میں ایک حجام کے بال کاٹنے والی تصویر وائرل ہوئی۔
یہ اے ٹی ایم کیوسک جو کئی ماہ سے بند تھا اب ایک ہیئر سیلون میں تبدیل ہو چکا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دکان کے باہر بہت دنوں تک نیلے رنگ کا ٹریڈ مارک ایس بی آئی اے ٹی ایم کا بورڈ اپنی اصل حالت میں موجود رہا، جس کے باعث راہ گیر اور صارفین پہلے اسے ایک فعال اے ٹی ایم سمجھتے، مگر اندر داخل ہونے پر اُنہیں مشینوں کی جگہ قینچی، آئینہ اور حجام نظر آتے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
ایمیزون کے پہلے ہیئر سیلون میں نئی ٹیکنالوجیز کا استعمالNode ID: 561241
-
بیوٹی پارلر میں کیمرے لگانا جرم، متعدد سزائیں مقررNode ID: 634731
وائرل ہونے والے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اے ٹی ایم کے شیشے والے کیبن میں ایک نائی اپنے گاہکوں کے بال کاٹ رہا ہے، جبکہ باہر سے پورا ڈھانچہ کسی بینکنگ سہولت جیسا دکھائی دیتا ہے۔
کئی لوگ تو اے ٹی ایم کارڈ ہاتھ میں لیے رقم نکالنے کی نیت سے اندر داخل ہوئے اور پھر حیرت سے واپس لوٹے۔
An barber has turned a (SBI) ATM room into a barbershop.
Residents say that whenever they go in to withdraw money, he offers them a haircut in a new marketing ploy... The incident occurred in Patna, Bihar, India. pic.twitter.com/PP3ixBF7P9
— Nawazish Ahmad (@Ibn_Ahmad_01) May 12, 2026
مقامی میڈیا 'پٹنہ پریس' اور مقامی افراد کے مطابق یہ اے ٹی ایم کئی برس تک فعال رہا، مگر کچھ ماہ قبل اسے بند کر دیا گیا اور بعد میں اس جگہ کو اس کے مالک نے کرائے پر اٹھا دیا۔
رپورٹس کے مطابق اس جگہ کے مالک ایس کے سنگھ نے بتایا کہ اے ٹی ایم مشین ہٹا دی گئی تھی، لیکن پورا بیرونی سیٹ اپ جوں کا توں باقی رہا۔ بعد ازاں ایک کرایہ دار نے یہاں سیلون کھول لیا اور ابتدا میں بورڈ بھی نہیں ہٹایا گیا۔ یہی چیز اس مقام کو سوشل میڈیا کی دلچسپی کا موضوع بنا گئی۔
تاہم کچھ رپورٹس کے مطابق بعد میں بینک حکام نے وائرل ہونے کے بعد ایس بی آئی کا بورڈ ہٹوا دیا تاکہ مزید غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔
An barber has turned a (SBI) ATM room into a barbershop.
Residents say that whenever they go in to withdraw money, he offers them a haircut in a new marketing ploy... The incident occurred in Patna, Bihar, India. pic.twitter.com/PP3ixBF7P9
— Nawazish Ahmad (@Ibn_Ahmad_01) May 12, 2026
سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد مزاحیہ تبصروں کی بھرمار ہو گئی۔ ایک صارف نے اس جگہ کو ایس بی آئی کے فل فارم کی جگہ 'سٹیٹ بابرز آف انڈیا' لکھا جو ایس بی آئی کے نام پر ایک لفظی کھیل تھا۔ کسی نے 'کیش وڈراول' لکھا جس کا مطلب تھا کہ یہاں نقدی نہیں بلکہ بالوں کی تراش خراش ہوتی ہے۔ ہندی میں بال کو 'کیش' کہتے ہیں۔ ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا: 'بہار نو سیکھیوں کے لیے نہیں ہے، جبکہ ایک اور تبصرہ میں کہا گیا کہ 'یہ شاید واحد اے ٹی ایم ہے جہاں واک اِن گاہکوں کی کبھی کمی نہیں ہوگی۔'
ایک نے لکھا: 'ذار غور کیجیے، پیسے نکالیے، اپنے بال کٹوائیے، اے سی کے مزے لیجیے، مزے سے جائیے۔ ایک ہی جگہ سارے انتظامات۔ بہار میں کچھ بھی ممکن ہے۔'
ریڈٹ اور دیگر پلیٹ فارمز پر بھی اس 'ہیئر کٹنگ اے ٹی ایم' پر دلچسپ تبصرے دیکھنے کو ملے۔ بعض لوگوں نے اسے ہندوستانی 'جگاڑ' کی ایک مثال قرار دیا، جہاں بند پڑی جگہوں کو نئے کاروبار میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔ کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر اے ٹی ایم بند تھا تو بینک نے اپنا سائن بورڈ بروقت کیوں نہیں ہٹایا۔ بعض نے اسے شہری بدنظمی کی مثال کہا، جبکہ کچھ نے اسے ایک تخلیقی اور معاشی حل کے طور پر سراہا۔

ماہرین کے مطابق یہ واقعہ صرف ایک مزاحیہ وائرل ویڈیو نہیں بلکہ بدلتے ہوئے شہری معاشی رجحانات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ دی ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں ڈیجیٹل بینکنگ کے فروغ کے بعد اے ٹی ایم بوتھ غیر فعال ہو رہے ہیں۔ ایسے میں ان جگہوں کا تجارتی استعمال بڑھتا جا رہا ہے۔ داناپور کا یہ 'سیلون اے ٹی ایم' اسی رجحان کی ایک منفرد مثال بن کر سامنے آیا ہے، جہاں ایک بند بینکنگ کیبن نے روزگار کا نیا ذریعہ اختیار کر لیا۔
اس واقعے نے ایک اور حقیقت کو بھی اجاگر کیا ہے کہ سوشل میڈیا کے دور میں کسی بھی غیرمعمولی منظر کو چند گھنٹوں میں عالمی شہرت حاصل ہو سکتی ہے۔ داناپور کا یہ چھوٹا سا سیلون اب ایک مقامی دکان سے بڑھ کر انٹرنیٹ کلچر کا حصہ بن چکا ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لوگ یہاں صرف بال کٹوانے نہیں بلکہ تصاویر اور ویڈیوز بنانے بھی آ رہے ہیں۔ یوں یہ سابق اے ٹی ایم اب نقد رقم نہیں بلکہ شہرت، طنز اور دلچسپی بانٹ رہا ہے۔












