مملکت میں سال کے گرم ترین ایام شروع، سلسلہ 13 دن جاری رہے گا
جمعہ 17 جولائی 2026 21:25
اس سیزن کو ’طباخ التمر‘ کھجوروں کے پکنے کا موسم بھی کہا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسم گرما کے عروج کا آغاز ہوگیا ہے۔ ’جمرہ القیظ‘ جسے سال بھر میں گرمی کی شدت کا نقطہ عروج کہا جاتا ہے کا دورانیہ 13 روز تک رہے گا۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق فلکیاتی تنظیم کے رکن برجس الفلیح کا کہنا ہے کہ مملکت میں ’جمرہ القیظ‘ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’جمرہ القیظ‘ عموما جولائی کے وسط سے شروع ہو کر اگست کے آغاز تک جاری رہتا ہے۔
علاقائی اور عوامی روایات کے مطابق اس سیزن کو ’طباخ التمر‘ یعنی کھجوروں کے پکنے کا موسم بھی کہا جاتا ہے۔ اس عرصے میں پڑنے والی شدید گرمی کھجوروں کو تیزی سے پکانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
الفلیح کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران گرم ہوائیں چلنے، درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافے اور ساحلی علاقوں میں نمی کی شرح بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔
انہوں نے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ دوپہر سے عصر کے وقت تک براہ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک (لو لگنے) سے بچ سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دن کے وقت خاص کر دوپہر میں پانی اور مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔
