Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالمِ اسلامی کی مسجد الاقصی میں اسرائیلی دراندازی کی مذمت

مسلسل خلاف ورزیاں خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتی ہیں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
رابطہ عالمِ اسلامی کی جانب سے اسرائیلی آباد کاروں اور انتہا پسند وزرا کی اسرائیلی پولیس کی سرپرستی میں مسجد الاقصی اور اس کے احاطے میں مسلسل دراندازی، نمازیوں پرحملوں اور اشتعال انگیز اقدامات و اسرائیلی جھنڈا لہرانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطہ کے سیکریٹری جنرل اور مسلم علما کمیٹی کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس قسم کے سنگین اقدامات دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتے ہیں اور اسلامی مقدسات کی حرمت پر بھی کھلا حملہ ہیں۔‘
انہوں نے خبردار کیا کہ مشرقی القدس میں مقدسات کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی اسرائیلی کوششیں اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتی ہیں۔
شیخ العیسی نے اس حوالے سے سعودی عرب، مصر، پاکستان، اردن، انڈونیشیا، ترکیہ، قطر اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کا اظہار بھی کیا۔

 

شیئر: