Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ ایکٹریس نورا فتحی کا بھی دہلی میں احتجاج کرنے والے طلبہ سے اظہارِ یکجہتی

اداکارہ نورا فتحی نے نیٹ امتحان میں بے ضابطگیوں اور پرچہ لیک پر جوابدہی کا مطالبہ کرنے والے طلبہ کی حمایت کا اظہار کیا ہے اور احتجاج کرنے والے طلبہ کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی اور اس کے حامی طلبہ 20 جون سے انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں جنتر منتر پر احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ نیٹ امتحان میں بے ضابطگیوں پر وفاقی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں، امتحانی نظام میں اصلاحات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
نورا فتحی نے جمعرات کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نوٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس معاملے کا ’حقیقی حل‘ سامنے آئے گا۔
انہوں نے لکھا کہ ’میرا دل ہر اس طالب علم، ہر خاندان اور ہر اس شخص کے ساتھ ہے جو غیر یقینی صورتحال کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔ تعلیم صرف امتحانات یا نمبروں کا نام نہیں، بلکہ یہ قربانی کا دوسرا نام ہے۔ ہر وہ طالب علم جو رات دیر تک جاگ کر پڑھتا ہے اور ہر وہ خاندان جو مالی مشکلات برداشت کرتا ہے، اس کی محنت اور قربانی قابلِ قدر ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’امتحانی پرچہ لیک ہونے سے متعلق رپورٹس نے بے شمار لوگوں کو مایوس، تھکا ہوا اور دل شکستہ کر دیا ہے۔ میری خصوصی ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو کھو دیا۔ طلبہ کی خودکشیوں کی خبریں انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہیں۔‘
نورا فتحی کے علاوہ متعدد معروف شخصیات بھی طلبہ کی حمایت میں سامنے آ چکی ہیں، جن میں عالیہ بھٹ، نصیرالدین شاہ، رتنا پاٹھک شاہ، شبانہ اعظمی، پرکاش راج، راج کمار راؤ، ریوتھی، تووینو تھامس، انوراگ کشیپ اور اریجیت سنگھ سمیت دیگر شامل ہیں۔

شیئر: