’دی کم بیک‘: جوشوا کی شاندار واپسی، پرینگا کو ناک آؤٹ کر دیا
اتوار 26 جولائی 2026 14:53
برطانیہ کے انتھونی جوشوا اس ایونٹ کے مرکزی فائٹر رہے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کیلنڈر کی سرگرمیوں کے تحت اور ریاض سیزن کے تعاون سے جدہ سپر ڈوم میں منعقدہ ’دی کم بیک‘ باکسنگ ایونٹ اختتام پذیر ہوگیا جس میں ابھرتے ہوئے سعودی ٹیلنٹ کے ساتھ ساتھ نامور بین الاقوامی باکسرز کے درمیان 13 مقابلے ہوئے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق برطانیہ کے انتھونی جوشوا اس ایونٹ کے مرکزی فائٹر رہے جنہوں نے البانیہ کے کرسٹین پرینگا کو دوسرے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔ پہلے راؤنڈ میں دو مرتبہ گرنے کے باوجود جوشوا نے زبردست واپسی کی اور مخالف کھلاڑی پر جارحانہ مکوں کی برسات کرتے ہوئے جیت اپنے نام کر لی۔
میچ کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے جوشوا اور میچ روم سپورٹ کے چیئرمین ایڈی ہرن نے عالمی سطح پر باکسنگ کو فروغ دینے اور اس ایونٹ کی میزبانی پر جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور سعودی باکسنگ فیڈریشن کے صدر ترکی آل الشيخ کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا جبکہ جوشوا نے جدہ کے شائقین کا ان کے پرجوش استقبال پر بھی شکریہ ادا کیا۔
سعودی باکسرز نے بھی ایونٹ میں تین کامیابیاں حاصل کیں۔ سلطان المحمد نے سپین کے ایفرن بیسالڈوش کو تیسرے راؤنڈ میں ٹی کے او کے ذریعے شکست دی۔ محمد العقل نے مالٹا کے لیڈن چیرکوپ کو پانچویں راؤنڈ میں ٹی کے او سے ہرایا جبکہ زیاد المعیوف نے تنزانیہ کے فرینک مینگو کے خلاف تمام ججوں کے متفقہ فیصلے کے تحت فتح حاصل کی۔
