جنوبی افریقہ: کیمپٹن پارک میں گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ، چار پاکستانی تاجر قتل
حملہ آور واقعے کے فوراً بعد اپنی گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے (فائل فوٹو: ایس اے)
جنوبی افریقہ کے صوبے گوٹینگ کے علاقے کیمپٹن پارک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار پاکستانی تاجر ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کی شام چلوہرکوپ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب یہ افراد ’ٹمبیسا‘ کے علاقے میں واقع اپنی دکانیں (سپازا شاپس) بند کرنے کے بعد گھر لوٹ رہے تھے۔
گوٹینگ پولیس کی ترجمان کرنل ڈماکاٹسی نیوووہولوی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چاروں افراد ایک ’ہونڈا بالیڈ‘ گاڑی میں سوار تھے۔
جب ان کی گاڑی ’زورفونٹین‘ اور ’اورینجریویئر‘ روڈز کے چوراہے پر سگنل سرخ ہونے کی وجہ سے رکی تو ایک سفید رنگ کی سیڈان گاڑی ان کے بالکل برابر میں آ کر رکی۔
ترجمان کے مطابق سفید گاڑی سے دو نامعلوم مسلح افراد نیچے اترے اور انہوں نے پاکستانی تاجروں کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ’فائرنگ کے دوران ہونڈا گاڑی کے ڈرائیور نے موڑ کاٹ کر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن وہ گاڑی پر کنٹرول نہ رکھ سکا اور گاڑی سڑک کے درمیان موجود ٹریفک ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔‘
پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار تمام چاروں افراد گولیوں کے شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعے پر ہی دم توڑ گئے۔
حملہ آور واقعے کے فوراً بعد اپنی گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر اس حملے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور نہ ہی اب تک کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ میں غیر ملکیوں کے خلاف پرتشدد مہم اور نقل مکانی
جنوبی افریقہ میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف ’مارچ اینڈ مارچ‘ اور ’آپریشن ڈڈولا‘ جیسے مقامی گروہوں کی جانب سے پرتشدد مظاہرے اور مہم جوئی جاری ہے جن میں غیر ملکیوں کو 30 جون 2026ء تک ملک چھوڑنے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا۔
مقامی آبادی کی جانب سے الزام عائد کیا جاتا ہے کہ غیرملکی انتہائی کم اجرت پر کام کر کے مقامي افراد سے ان کا روزگار چھین رہے ہیں۔
ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور معاشی دباؤ کے باعث پیدا ہونے والی اس کشیدگی اور حکومتی کریک ڈاؤن سے ہزاروں غیرملکی متاثر ہوئے ہیں۔
سرکاری و مقامی ذرائع کے مطابق اس پرتشدد مہم کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک قریباً ایک لاکھ 60 ہزار غیرملکی شہری جنوبی افریقہ چھوڑ کر اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔
