کرن جوہر کی فلم ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر تھری‘ میں شنایا کپور کس رول میں نظر آئیں گی؟
’سٹوڈنٹ آف دی ایئر تھری‘ میں شنایا کپور سیریز میں ڈبل رول ادا کرتی نظر آئیں گی (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ اداکارہ شنایا کپور فلم ’تو یا میں‘ میں مداحوں کو متاثر کرنے کے بعد اب کرن جوہر کی مشہور فرنچائز ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر تھری‘ میں نظر آئیں گی، جس کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس ’دھارمٹک انٹرٹینمنٹ‘ کے تحت بننے والی ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر تھری‘ اپنے گزشتہ دونوں حصوں سے بالکل مختلف ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سنہ 2012 میں ریلیز ہونے والی ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ اور سنہ 2019 میں ریلیز ہونے والی ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر ٹو‘ فلمیں تھیں، تاہم فرنچائز کا تیسرا حصہ فلم کے بجائے ویب سیریز کی صورت میں پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق پہلی دونوں فلمیں ہلکے پھلکے اور تفریحی انداز کی تھیں، لیکن ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر تھری‘ کا انداز اس سے بالکل مختلف اور زیادہ سنجیدہ ہوگا۔
’بالی وُڈ ہنگامہ‘ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی ویب سیریز گزشتہ دونوں حصوں کے مقابلے میں زیادہ تاریک، بولڈ، سنسنی خیز اور جذباتی طور پر زیادہ شدید ہوگی۔
اس سیریز کو ’کلاس‘ اور ’یوفوریا‘ کے امتزاج کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس میں نوجوان طلبہ کی پرتعیش لیکن دباؤ سے بھرپور زندگی، پیچیدہ دوستیاں اور تعلقات کو دکھایا جائے گا، جبکہ کہانی میں بولڈ اور جذباتی انداز بھی شامل ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ناظرین سیریز میں دکھائے جانے والے تنازعات، تعلقات اور مجموعی انداز کو دیکھ کر حیران ہوں گے۔ نوجوانوں پر مبنی یہ بولڈ اور منفرد مواد مختلف مارکیٹس میں وسیع ناظرین کی توجہ حاصل کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر تھری‘ رواں سال جیو ہاٹ سٹار پر ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ سیریز کا نام ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر تھر آفٹر دی ڈارک‘ رکھا جائے گا، تاہم ذرائع کے مطابق یہ ابھی حتمی ٹائٹل نہیں اور اس حوالے سے واضح صورتحال سرکاری اعلان کے بعد سامنے آئے گی۔
’سٹوڈنٹ آف دی ایئر تھری‘ کی ہدایت کاری ریما مایا کر رہی ہیں، جبکہ اطلاعات کے مطابق شنایا کپور سیریز میں ڈبل رول ادا کرتی نظر آئیں گی۔
واضح رہے کہ ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے پہلے حصے سے ورن دھون، عالیہ بھٹ اور سدھارتھ ملہوترا نے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا تھا جبکہ فلم کی ہدایت کاری کرن جوہر نے کی تھی۔
دوسری جانب ’سٹوڈنٹ آف دی ایئر ٹو‘ میں ٹائیگر شروف مرکزی کردار میں نظر آئے تھے، جبکہ اس فلم کے ذریعے اننیا پانڈے اور تارا ستاریہ نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ فلم کی ہدایت کاری پونیت ملہوترا نے کی تھی، جبکہ عالیہ بھٹ نے بھی فلم کے ایک گانے میں مختصر شرکت کی تھی۔
