نورا فتحی کے نئے سولو گانے کا ٹیزر،’رنگوں کی بہار میں رقص‘
اس سے قبل نورا فتحی نے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے نیا ترانہ ’چیمپئنز (فی کل مکاں)‘ جاری کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
مراکشی نژاد کینیڈین گلوکارہ، ڈانسر اور اداکارہ نورا فتحی نے اپنے تازہ ترین گانے’Slay to the Rhythm‘ کا ٹیزر مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے جو 31 جولائی کو ریلیز ہوگا۔
فتحی نے رواں ہفتے انسٹاگرام اور اپنے یوٹیوب چینل پر ٹیزر جاری کیا۔ انہوں نے کلپ کے ساتھ لکھا کہ ’ٹیزر اب میرے یوٹیوب چینل پر موجود ہے، اسے دیکھیں۔‘ اس ویڈیو میں وہ رنگوں کی بہار کے ساتھ ایک مصروف گلی میں رقص کرتی دکھائی دیتی ہیں۔
یہ ٹریک ان کا پہلا سولو سنگل ہے جو فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں جاری کیے گئے گانوں کے بعد سامنے آ رہا ہے۔
اس سے قبل نورا فتحی نے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے نیا ترانہ ’چیمپئنز (فی کل مکاں)‘ جاری کیا تھا۔
نورا فتحی نے اس گانے کی ریلیز کا اعلان انسٹاگرام پر کیا اور اسے ’جیت کا نغمہ‘ قرار دیتے ہوئے اس پرجوش گیت کی ریلیز پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس گانے میں انہوں نے تنزانیہ کے موسیقار ریوَینی اور امریکی نژاد بنگلہ دیشی ڈی جے سنجوئے کے ساتھ اشتراک کیا۔
نورا فتحی نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’میں اس گانے کے ساتھ خود کو بالکل مختلف محسوس کر رہی ہوں۔ یہ ایک طویل عرصے میں میرا سب سے مکمل اور جذباتی طور پر سچا پراجیکٹ ہے۔‘
نورا فتحی نے فٹبال ورلڈ کپ سے قبل بھی ایک گیت جاری کیا تھا۔ ’سِر سِر‘ کے عنوان سے یہ گانا مئی میں جاری ہوا تھا، جو اس بڑے میوزیکل منصوبے کا حصہ ہے جس کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کر رہے ہیں۔
اس گانے میں نورا فتحی نے میوزک پروڈیوسر سنجوئے اور فرانسیسی فنکار ویجی ڈریم کے ساتھ کام کیا تھا، جن کا سنہ 2018 کا فٹبال ترانہ ’Ramenez la Coupe a la Maison‘ شائقین میں بے حد مقبول ہوا تھا۔
گیت ’چیمپئنز‘ کی میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری عبدالرّفیع العبدیوی نے کی، جس میں نورا فتحی کو ایک ڈرامائی صحرا کے پس منظر میں بھرپور رقص پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جہاں فٹبال جرسیوں اور قومی جھنڈوں کے درمیان عالمی کھیل کا جشن منایا گیا ہے۔
ان دونوں گیتوں کی ریلیز نورا فتحی کے لیے ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ ان کے خاندانی روابط مراکش سے ہیں، اور وہ اگرچہ کینیڈا میں پیدا ہوئیں اور وہیں پلی بڑھیں، لیکن وہ اکثر اپنی مراکشی شناخت پر فخر کا اظہار کرتی رہی ہیں۔
ورلڈ کپ کا میدان ان کے لیے نیا نہیں۔ وہ سنہ 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک ’لائٹ دی سکائی‘ میں بھی شامل تھیں، جس میں انہوں نے اماراتی-یمنی گلوکارہ بلقیس، عراقی فنکارہ رحمہ ریاض اور مراکشی گلوکارہ منال کے ساتھ مل کر پرفارم کیا تھا۔ کئی زبانوں میں پیش کیا گیا یہ گیت مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والے پہلے ورلڈ کپ کی خوشی کا اظہار تھا اور ٹورنامنٹ کے نمایاں گانوں میں شامل رہا۔
