آپ ہمیں امن دیں ہم آپ کی جھولی ٹرافیوں سے بھر دیں گے: کپتان پاکستان والی بال ٹیم
جمعرات 30 جولائی 2026 11:40
لیاقت جمنازیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین صفر سے ہرایا (فوٹو: ایکس)
پاکستان نے بنگلہ دیش کو فائنل میچ میں شکست دے کر سینٹرل ایشیئن والی بال چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
فائنل میں بنگلہ دیش کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر قومی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی۔
بدھ کو سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین صفر سے ہرایا۔ پاکستان کی ٹیم نے پہلا سیٹ 20-25، دوسرا سیٹ 16-25 اور تیسرا سیٹ 20-25 سے جیت کر چیمپیئن شپ اپنے نام کی۔ سری لنکا نے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان کی اس کامیابی پر والی بال فینز کی جانب سے خوشی منائی جا رہی ہے تاہم پاکستان والی بال ٹیم کے کپتان کی ایک پوسٹ توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
پاکستان والی بال ٹیم کے کپتان مراد جہاں نے فیس بُک پر لکھا کہ ’پچھلے دو ہفتوں سے جِس ضلع بنوں کے اندر آپریشن کے نام پہ ہر قسم کی مواصلات کو بند کرکے شہریوں کی زندگی مُشکل کردی گئی تھی آج اُسی بنوں سے تعلق رکھنے والے کُچھ کھلاڑیوں نے سینٹرل ایشین چیمپئین شِپ میں قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔‘
انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’اِس میں کوئی شک نہیں کہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کا کردار ایک جیسا اور قابلِ قدر تھا۔‘
کپتان نے کہا کہ ’میری مقتدرہ سے فقط اتنی سی گُزارش ہے کہ ہمیں بھی سکون سے جینے دیا جائے کیونکہ ہم بھی اِسی مُلک کے شہری ہیں اور ہمیں بھی جینے کا اُتنا ہی حق حاصل ہے جتنا مُلک کے دوسرے شہریوں کو، کیونکہ ہم بھی اِس مُلک کی عِزت بڑھانے کے لیے اُتنا ہی کام کر رہے ہیں جتنا کوئی ذمہ دار شہری کرسکتا ہے۔‘

مراد جہان نے مزید لکھا کہ ’پچھلے ایک سال سے ہمارے یہاں بدامنی کی وہ حالت کردی گئی ہے کہ ہماری مائیں ہمیں اپنے گھر آنے سے روکتی ہیں۔ ورنہ اس سے پہلے تو دو ہفتے بعد ہی گھر سے بُلاوا آ جاتا تھا۔‘
انہوں نے ارباب اختیار سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ’میری استدعا ہے کہ خُدارا ہمارے اوپر ترس کھائیں اور ہمیں بھی اچھے شہری بننے کا موقع دیں۔ میں نے آج سے دو سال پہلے بھی سنٹرل ایشین چمپیئن شِپ کی ٹرافی جیت کر یہی درخواست کی تھی کہ آپ ہمیں امن دیں ہم آپ کی جھولی ایسی ٹرافیوں سے بھر دیں گے۔‘
