Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئی سیٹ ہارے بغیر پاکستان نے سینٹرل ایشیئن والی بال چیمپیئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

پاکستان نے سینٹرل ایشیئن والی بال چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل میں بنگلہ دیش کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر قومی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی۔
بدھ کو سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین صفر سے ہرایا۔ 
قومی ٹیم نے پہلا سیٹ 20-25، دوسرا سیٹ 16-25 اور تیسرا سیٹ 20-25 سے جیت کر چیمپیئن شپ اپنے نام کی۔ سری لنکا نے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان والی بال ٹیم کو سینٹرل ایشیئن والی بال چیمپئن شپ جیتنے پر کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارک باد دی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ’قومی ٹیم نے بہترین کھیل، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کھیلوں کے ہر میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اور حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی۔‘

شیئر: