اداکارہ رشمیکا مندانہ فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی، 6 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ
اداکارہ رشمیکا مندانہ فلم کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی، 6 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ
ہفتہ 1 اگست 2026 13:13
اداکارہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جسمانی مشقت سے مکمل پرہیز کریں (فائل فوٹو: ای پی اے)
رشمیکا مندانہ کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔ ان کو اپنی آنے والی فلموں ’رنابالی‘ اور ’مائسا‘ کے مشکل مناظر کی فلم بندی کے دوران کولہے میں شدید چوٹ آئی ہے۔
اداکارہ گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل ایک کے بعد ایک پروجیکٹس میں مصروف تھیں، مگر اب ڈاکٹروں نے انہیں تمام کام فوری طور پر روکنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ کم از کم چھ ہفتے مکمل آرام کریں اور اپنی صحت یابی پر توجہ دیں۔ معلوم ہوا ہے کہ انہیں یہ چوٹ دونوں فلموں کے لیے مشکل ایکشن اور ڈانس مناظر کی شوٹنگ کے دوران لگی۔
طبی معائنے کے بعد انکشاف ہوا کہ ان کے کولہے کی ایک رگ (ٹینڈن) مکمل طور پر الگ ہو گئی ہے، جو ایک نہایت سنگین چوٹ ہے اور عموماً ایسے کھلاڑیوں کو یہ چوٹ آتی ہے جو اپنے جسم پر بہت زیادہ دباؤ ڈالتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی صحت یابی کے دورانیے کے حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے۔
فی الحال رشمیکا مندانہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جسمانی مشقت سے مکمل پرہیز کریں اور صرف اپنے آرام اور علاج پر توجہ دیں۔ انہوں نے خود یا ان کی ٹیم نے ابھی تک اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، اس لیے ان کی موجودہ حالت کے بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع دستیاب نہیں۔
یہ چوٹ بلاشبہ ان کے کیریئر کے انتہائی اہم مرحلے میں آئی ہے۔ ان کی دونوں فلمیں بڑی پین انڈیا پروڈکشنز ہیں جن کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔
فلم ’رنابالی‘ کے ہدایت کار راہول سنکریتیان ہیں، یہ ایک تاریخی ایکشن ڈرامہ ہے جو 1854 سے 1878 کے درمیان برطانوی دورِ حکومت کے عہد کو پیش کرتی ہے۔ کہانی ایک عظیم جنگجو کی اپنے لوگوں کے لیے جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔
اس فلم میں وجے دیوراکونڈا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ رشمیکا جیہ اما کا کردار نبھا رہی ہیں، اور ہالی وڈ کے اداکار آرنلڈ ووسلو ولن کے روپ میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کو مائتھری مووی میکرز اور ٹی سیریز پیش کر رہے ہیں، اور اسے 11 ستمبر 2026 کو مختلف زبانوں میں ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔
مداح سوشل میڈیا پر رشمیکا مندانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں (فائل فوٹو: آئوٹ لک انڈیا)
دوسری جانب ’مائسا‘ ایک پیریڈ ایکشن تھرلر فلم ہے جس کی ہدایت کاری رویندر پُلے کر رہے ہیں۔ اس کی کہانی گونڈ قبائلی برادری کے پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے، اور اس میں رشمیکا مندانہ اپنے کیریئر کے مشکل ترین کرداروں میں سے ایک ادا کر رہی ہیں۔
اس فلم میں ان کے ساتھ گرو سوماسندرَم، ایشوری راؤ، راہول رویندرن، راؤ رمیش اور تارک پونّپا جیسے اداکار شامل ہیں۔ یہ رشمیکا مندانہ کی پہلی مکمل ایکشن فلم ہے جس میں وہ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ اس کی ریلیز کی تاریخ کا اگرچہ ابھی اعلان نہیں ہوا، تاہم امکان ہے کہ یہ فلم رواں سال کے آخر تک ریلیز ہو جائے گی۔
مداح سوشل میڈیا پر رشمیکا مندانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گی۔ ان کے متعدد بڑے منصوبے زیرِ تکمیل ہیں، اس لیے سب کو بے صبری سے انتظار ہے کہ وہ کب دوبارہ شوٹنگ پر واپس آئیں گی۔