Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پشپا‘ کے بعد راشمیکا مندانا اور الو ارجن ایک بار پھر ’راکا‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے

ہدایت کار ایٹلی کی اس فلم میں دیپکا پڈوکون بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
اداکارہ راشمیکا مندانا جلد ہی اپنی بلاک بسٹر فلم ’پشپا‘ کے ساتھی اداکار الو ارجن کے ساتھ ہدایت کار ایٹلی کی نئی سائنس فکشن فینٹسی ایکشن فلم ’راکا‘ کی ممبئی میں شوٹنگ کا آغاز کریں گی۔
ویریٹی انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، فلم کا ممبئی شیڈول جلد شروع ہونے والا ہے، جو اس بڑے بجٹ کے منصوبے کے اگلے مرحلے کی عکاسی کرتا ہے۔
اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو ’راکا‘، ’پشپا‘ فرنچائز کے بعد راشمیکا مندانا اور الو ارجن کی پہلی مشترکہ فلم ہوگی۔ دونوں نے سری ولی اور پشپا راج کے کرداروں سے شائقین میں بے حد مقبولیت حاصل کی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ راشمیکا مندانا اس فلم میں منفی کردار (ولن) ادا کریں گی، جو ان کے اب تک کے فلمی کیریئر سے مختلف ہوگا۔ تاہم، فلم سازوں نے ابھی تک ان کے کردار کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
ہدایت کار ایٹلی کی اس فلم میں دیپکا پڈوکون بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ اطلاعات کے مطابق فلم کو بڑے پیمانے پر تیار کیا جا رہا ہے اور اس کی سنیما گھروں میں نمائش 2027 کے آخر میں متوقع ہے، تاہم کاسٹ، کہانی اور ریلیز کی تاریخ سے متعلق باضابطہ اعلان ابھی ہونا باقی ہے۔
راشمیکا مندانا ان دنوں تیلگو اور ہندی فلم انڈسٹری میں متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ ’پشپا‘، ’اینیمل‘ اور ’چھاوا‘ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔
ان کے آئندہ منصوبوں میں ’راکا‘ کے علاوہ ’میسا‘، ’رنابالی’، ’پشپا 3‘ اور ’اینیمل پارک‘ بھی شامل ہیں، جن میں سے بعض کا باضابطہ اعلان ہو چکا ہے جبکہ دیگر مختلف مراحل میں ہیں۔
فلم ’راکا‘ سے متعلق مزید تفصیلات اور راشمیکا مندانا کے مبینہ منفی کردار کی باضابطہ تصدیق کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

شیئر: