سوات میں پولیس سٹیشن کے باہر خودکش دھماکہ، 13 افراد ہلاک
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کبل میں پولیس سٹیشن کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین کے مطابق ’خودکش حملہ آور پولیس سٹیشن کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے حملہ آور کو روکا تو اس نے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔‘
ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 20 سے زائد زخمی ہیں۔
ریسکیو 1122 سوات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں اب تک 9 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق سینٹرل ہسپتال سیدو شریف جبکہ 5 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کبل ہسپتال نے کی ہے۔
ڈی پی او سوات کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی سوات کے تھانہ کبل کے قریب خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر پولیس جوانوں نے جان دے کر خودکش بمبار کو تھانے کے اندر جانے سے روکا۔
دھماکہ اس وقت ہوا جب قریب ہی میں علاقے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ ہو رہا تھا جبکہ دھماکے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں چند پولیس اہلکاروں کو زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔