صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دو بم دھماکے، سات افراد ہلاک
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دو بم دھماکے، سات افراد ہلاک
ہفتہ 20 جون 2026 11:21
ایک نجی پک اپ ٹرک کو ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس میں مسافر سوار تھے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سڑک کنارے ہونے والے دو دھماکوں میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے۔
ضلع بنوں کے ایک پولیس افسر یاسر آفریدی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک نجی پک اپ ٹرک کو ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس میں مسافر سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’زخمیوں کو ہنگامی علاج کے لیے ایک گاڑی کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران ایک دوسرا بم بھی دھماکے سے پھٹ گیا۔‘ ان کے مطابق اس واقعے میں مزید تین افراد زخمی ہوئے۔
ان دھماکوں کی فوری طور پر کسی تنظیم یا گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم اس علاقے میں تحریک طالبان پاکستان اور دیگر مسلح گروہ سرگرم ہیں۔
پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس حملے کی مذمت کی اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے‘ اور ’ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘
پاکستان یہ الزام عائد کرتا رہا ہے کہ پڑوسی ملک افغانستان اس کے ملک میں بڑھتے ہوئے حملوں کا ذمہ دار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان اس وقت کشیدگی غیرمعمولی طور پر زیادہ ہے۔
کابل میں طالبان حکومت نے بارہا پاکستان کے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ افغان سرزمین کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان دھماکوں کی فوری طور پر کسی تنظیم یا گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی (فوٹو: اے ایف پی)
دونوں ممالک کے درمیان سرد تعلقات حالیہ مہینوں میں مسلح جھڑپوں کی وجہ بھی بنے، جن میں پاکستان کی جانب سے افغانستان میں فضائی حملے بھی شامل ہیں۔
رواں ماہ ہی سرحد کے قریب پاکستانی حملوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے۔
پرتشدد واقعات میں اضافے کے بعد اکتوبر سے دونوں ملکوں کے درمیان سرحد بڑی حد تک بند ہے، جس کے باعث تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔