Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جبل الرحمہ پر ایک ماہ کے دوران 11 لاکھ سے زائد زائرین کی آمد

مشاعر مقدسہ میں زائرین کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
میدان عرفات میں واقع جبل الرحمہ پر ایک ماہ کے دوران مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 11 لاکھ 15 ہزار سے زائد زائرین کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی(ایس پی اے) کے مطابق مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے ترقیاتی امور کی ذمہ دار کمپنی ’کدانہ‘ کی جانب سے مشاعر مقدسہ کے مختلف راستوں کو جدید سہولیات سے مزین کیا ہے۔
مشاعر مقدسہ میں میدان عرفات کو جانے والے راستوں میں جگہ جگہ آرام کرنے کے مقامات، شیڈز اور موسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے پھوار والے پنکھے نصب کیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو مشاعر مقدسہ(منی، عرفات اور مزدلفہ) جاتے ہوئے کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
کدانہ ترقیاتی کمپنی نے میدان عرفات جانے کےلیے لچکدار راستے اور ٹھنڈی سڑک کی سہولت فراہم کی ہے، جس کا مقصد پیدل چلنے والوں کے سفر کو آرام دہ بنانا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ 25 جون 2026 سے 25 جولائی  کے دوران 11 لاکھ سے زائد افراد میدان عرفات میں جبل الرحمہ پر گئے، جہاں راستے میں انہیں ہر طرح کی رہنمائی کی سہولتیں فراہم کی گئیں۔

  زائرین بڑی تعداد میں مشاعر مقدسہ میں یادگاری تصاویر بناتے ہیں (فوٹو، ایس پی اے)

’کدانہ ٹریک‘ پر 10 ہزار 294 زائرین کی آمد ورفت ریکارڈ کی گئی۔ مذکورہ ٹریک مشاعر مقدسہ آمد ورفت کے لیے خصوصی طورپر بنایا گیا ہے، ٹریک کے اطراف میں سایہ دار درخت اور دیگر معیاری سروسز فراہم کی گئی ہیں۔
واضح رہے ان دنوں مکہ مکرمہ میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین موجود ہیں جو مشاعر مقدسہ جاتے اور وہاں یادگاری تصاویر بناتے ہیں۔
حج ایام میں میدان عرفات میں لاکھوں فرزندانِ اسلام جمع ہوتے ہیں، یہاں حجاج سارا دن قیام کرتے ہیں اور غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ کے لیے روانہ ہوجاتے ہیں۔ وہ حجاج جو پیدل مزدلفہ کی جانب جاتے ہیں ان کی سہولت کے لیے کدانہ کمپنی نے خصوصی انتظامات کیے ہیں جن کا مقصد حجاج کو ہر طرح کی سہولت مہیا کرنا ہے۔

شیئر: