Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاز اِن جدہ: اُبھرتے ہوئے موسیقاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے منفرد قومی پلیٹ فارم

جاز اِن جدہ کا پروگرام اکتوبر میں جدہ تاریخیہ میں منعقد ہوگا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے میوزک کمیشن نے جاز اِن جدہ  (Jazz in Jeddah) کے ساتھ سٹریٹیجک شراکت کا اعلان کیا ہے جس کا انتظام ندائے ثقافت یا ’کال آف کلچر‘ کے ذریعے کیا گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ شراکت داری دراصل مفاہمت کی اُس یادداشت کو آگے بڑھانے کے لیے ہے جس پر دونوں تنظیموں کے درمیان نجی سطح پر تعاون کے مقصد کو سامنے رکھ کر دستخط کیے گئے تھے۔
مفاہمت کی اِس یادداشت کے تحت، شراکت کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ سعودی عرب میں موسیقی کے شعبے کی ترقی میں معاونت کی جائے اور اعلٰی معیار کے ثقافتی اور موسیقی کے انیشیٹیوز کو پروان چڑھایا جائے۔
جاز اِن جدہ، مملکت میں اُبھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور اُسے آگے لے جانے کے لیے وقف ایک قومی پلیٹ فارم ہے جو سعودی عرب کی موسیقی کے ورثے کو دھوم دھام سے مناتا ہے۔
ثقافتی تعاون کے مختلف انیشیٹیوز، ہر سال دس سے زیادہ بین الاقوامی فیسٹیولز کے ساتھ پارٹنرشپس اور اِس شعبے میں فنکاروں کی ترقی اور نشو و نما کے مختلف پروگراموں کے ذریعے، یہ پلیٹ فارم سعودی عرب میں موسیقی سے لگاؤ رکھنے والی ابھرتی ہوئی نسل کے لیے مواقع کی تعداد بڑھاتا ہے۔
جاز اِن جدہ کا آئندہ پروگرام اِس برس اکتوبر میں جدہ تاریخیہ میں منعقد ہوگا جہاں یہ پلیٹ فارم موسیقاروں اور میوزک سے رغبت رکھنے والے شائقین کو ایک مقام پر جمع کر رہا ہے۔

امریکی پیانسٹ میکائے ٹائنر نے 2018 کو انٹرنیشنل جاز فیسٹیول کے دوران پرفارم کیا تھا (فوٹو: عرب نیوز)

اِس پروگرام کے تحت منفرد نوعیت کے ایونٹس ترتیب دیے جا رہے ہیں جو جاز کی کوششوں کے اعتراف اور انھیں سراہنے کے ساتھ ساتھ، سعودی عرب کے میوزیشنز اور بین الاقوامی موسیقاروں کے مابین فنکارانہ اور تخلیقی روابط کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
یہ پلیٹ فارم موسیقی کے متنوع انداز کو لوگوں کے سامنے لا کر سعودی موسیقی اور جاز کے درمیان ثقافتی اور تخلیقی اشتراک کو فروغ دیتا ہے۔ اِن انیشیٹیوز سے مملکت میں موسیقی کے منظرنامے پر دکھائی دینے والی مستقل ترقی کا بھی پتہ چلتا ہے۔
جدہ میں جاز کی بِنا ڈالنے والے محمد البخريبي کہتے ہیں کہ ’سعودی شائقین اور موسیقار اپنے ٹیلنٹ اور تخلیقی صلاحیتیوں کے باعث عالمی سطح کے سٹیج پر پہنچنے کے مستحق ہیں۔ یہ سٹریٹیجک پارٹنرشپ جاز کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں فنکاروں پر سرمایہ کاری اور مملکت میں موسیقی کے ورثے کو آگے بڑھائے گی اور اِس سلسلے میں ہماری صلاحیتوں کو جِلا بخشے گی۔‘

نوجوان سعودی جاز موسیقی کو پسند کرتے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

پارٹنرشپ سے سعودی موسیقاروں کو عالمی پائے کے فنکاروں کے ساتھ تربیت حاصل کرنے تک رسائی ملے گی اور مینٹورشپ کے مواقع فراہم ہوں گے۔ اِس کے علاوہ سعودی فنکاروں کو عالمی سطح کے فنکاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے مواقع ملیں گے جس سے سعودی ٹیلنٹ کی تربیت اور نشو و نما ہوگی اور مقامی اور عالمی میوزک کمیونیٹیوں کے ساتھ تعاون کو مزید بہتر بنانے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
میوزک کمیشن کے سِی اِی او پال پیسیفیکو نے اِس موقع پر کہا کہ ’جب سرکاری سرپرستی کے حامل ادارے اور نجی شعبہ مل کر کام کرے تو فائدہ موسیقی کو پہنچتا ہے اور یہ شعبہ خوب پھلتا پھولتا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’جاز اِن جدہ نے شائقین اور فنکاروں کے ساتھ ایک بامعانی رابطہ اُستوار کر لیا ہے اور یہ شراکت داری ہمیں طویل مدت تک مل کر کام کرنے کے ایسے مواقع دے گی جس سے سعودی عرب میں موسیقی کے منظرنامے کو تقویت ملے گی اور عالمی سطح پر اِس کی ثقافتی موجودگی میں اضافہ ہوگا۔‘

 

شیئر: