تفریحی پروگرامز میں 6 ماہ کے دوران 45 ملین سے زائد وزیٹرز کی آمد
تفریحی سرگرمیوں کے لیے 2 ہزار 500 سے زائد لائسنس جاری کیے (فوٹو: ایس پی اے)
جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رواں برس کی پہلی ششماہی میں تفریحی تقریبات و سرگرمیوں میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 45.7 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی نے اس دوران متعدد تنظیمی، نگرانی اور ترقیاتی اقدامات کے ذریعے تفریحی شعبے کی کارکردگی، سروسز کے معیار اور سرمایہ کاروں و وزیٹرز کے تجربے کو مزید بہتر بنایا۔
اتھارٹی کی جانب سے تفریحی سرگرمیوں کے حوالے سے 2 ہزار 500 سے زائد لائسنس جاری کیے گئے، جو اس شعبے میں توسیع، سرمایہ کاری میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں میں فروغ کا باعث بنے۔
فراہم کی جانے والی خدمات اور ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی نے مملکت کے مختلف علاقوں میں تفریحی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے 8 ہزار 500 سے زائد تفتیشی دورے کیے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مملکت میں تفریحی شعبے سے وابستہ کمپنیوں کی تعداد 7 ہزار دو سو سے تجاوز کرگئی، جو اس شعبے میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور ملک بھر میں تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کا ثبوت ہے۔
تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے والوں کی رائے معلوم کرنے کے لیے 900 سے زیادہ رپورٹس تیار کی گئیں جن سے تفریحی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور آپریشنل کارکردگی کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
