’میرا وقت گزر چکا‘، نیمار کا برازیل کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
’میرا وقت گزر چکا‘، نیمار کا برازیل کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
جمعرات 30 جولائی 2026 11:49
برازیل کے سٹار فٹ بالر نیمار نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔(فوٹو:اے ایف پی)
برازیل کے سٹار فٹبالر نیمار نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا برازیل کے لیے کھیلنے کا سفر ختم ہو چکا ہے۔
ای ایس پی این کے مطابق 34 سالہ نیمار نے اپنے کلب سانتوس کی کوپا سوڈامریکانا میں وینیزویلا کے کلب یونیورسیداد سینٹرال کے خلاف 4-2 کی فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’میرا وقت گزر چکا ہے۔ برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ میرا سفر ختم ہو چکا ہے۔‘
انہوں نے کہا، ’میں نے قومی ٹیم کے لیے اپنا سب کچھ دیا۔ ہر وہ لمحہ جو میں نے برازیل کی جرسی میں گزارا، ہمیشہ میری زندگی کا حصہ رہے گا، لیکن اب مجھے محسوس ہوتا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع دینا چاہیے۔‘
یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب رواں ماہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں برازیل کو ناروے کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا تھا۔
اس میچ کے بعد نیمار نے جذباتی انداز میں اشارہ دیا تھا کہ شاید قومی ٹیم کے ساتھ ان کا سفر اختتام کو پہنچ چکا ہے، تاہم اب انہوں نے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
نیمار نے حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ وہ مستقبل میں دوبارہ قومی ٹیم میں واپسی کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا فیصلہ حتمی ہے اور وہ برازیل کے لیے مزید نہیں کھیلیں گے۔
نیمار نے 2010 میں برازیل کی قومی ٹیم کے لیے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔
انہوں نے 16 برس کے دوران 130 بین الاقوامی میچز کھیلے، جن میں 80 گول کیے اور 58 گول بنانے میں مدد (اسسٹ) فراہم کی۔ وہ برازیل کی قومی ٹیم کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
نیمار اس وقت فٹ بال کلب سانتوس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔(فوٹو:اے ایف پی)
اگرچہ وہ برازیل کو فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل دلانے میں کامیاب نہ ہو سکے، تاہم ان کی قیادت میں برازیل نے 2013 کا فیفا کنفیڈریشنز کپ جیتا، جو سینئر قومی ٹیم کے ساتھ ان کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔
گزشتہ چند برسوں میں انجریز نے نیمار کے بین الاقوامی کیریئر کو بری طرح متاثر کیا۔
2023 میں گھٹنے کی سنگین انجری کے باعث وہ طویل عرصے تک قومی ٹیم سے باہر رہے، تاہم ورلڈ کپ 2026 سے قبل انہوں نے واپسی کی اور ٹورنامنٹ میں برازیل کی نمائندگی کی۔
رپورٹس کے مطابق نیمار نے واضح کیا کہ اگرچہ انہوں نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے، لیکن ان کا کلب فٹبال جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا، ’میرے اندر ابھی بھی فٹ بال باقی ہے۔ میں سانتوس کے لیے کھیلتا رہوں گا اور اپنی پوری توجہ اپنے کلب پر مرکوز رکھوں گا۔‘
نیمار اس وقت اپنے کلب سانتوس کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں وہ انجری کے بعد اپنے کیریئر کو نئی سمت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے ساتھ ہی برازیل کے جدید دور کے کامیاب ترین فٹبالرز میں سے ایک کا 16 سالہ بین الاقوامی سفر اختتام کو پہنچ گیا۔