پاکستان کی ٹیکن کی دنیا میں ایک بار پھر برتری، محمد زبیرعالمی چیمپئن
محمد زبیر نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا سامنا کیا اور صرف ایک سیٹ ہارا: فوٹو ای سپورٹس ورلڈ کپ
پاکستان کے خواجہ محمد زبیر نے ای سپورٹس ورلڈ کپ 2026 میں ٹیکن 8 کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ای سپورٹس ورلڈ کپ ویب سائٹ کے مطابق پیرس میں منعقدہ ایونٹ میں انہوں نے گرینڈ فائنل میں جنوبی کوریا کے تجربہ کار کھلاڑی کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ محمد زبیر نے 10 لاکھ ڈالر کے مجموعی انعامی فنڈ کا سب سے بڑا حصہ حاصل کیا، جبکہ ان کی ٹیم بھی کلب چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی۔
لاسٹ چانس کوالیفائر سے عالمی چیمپئن تک
ای اسپورٹس ورلڈ کپ سے قبل ایم زبیر عالمی سطح پر زیادہ معروف نہیں تھے۔ وہ ابتدائی کوالیفائنگ مرحلے میں ناکام رہے تھے، جس کے بعد ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے کا واحد راستہ لاسٹ چانس کوالیفائر تھا۔
انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے فائنل میں اپنے ہم وطن نعمان چوہدری کو شکست دے کر مرکزی ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا۔
صرف ایک سیٹ میں شکست، ارسلان ایش کو دو بار ہرایا
مرکزی ٹورنامنٹ میں محمد زبیر نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کا سامنا کیا اور پورے ایونٹ میں صرف ایک سیٹ ہارا۔
انہوں نے جاپان کے تاکابا کیسوکے کے علاوہ ہر حریف کو شکست دی، جبکہ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ٹیکن سٹار ارسلان ایش کو بھی دو مرتبہ شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔
پہلے انہوں نے گروپ مرحلے میں ارسلان ایش کو 3-0 سے ہرایا، جبکہ سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5-4 سے کامیابی حاصل کی۔
اضافی 50 ہزار ڈالر کا خصوصی اعزاز
محمد زبیر نے جافونسو ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، جو صرف ان کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے جو لاسٹ چانس کوالیفائر سے سفر شروع کر کے ای اسپورٹس ورلڈ کپ جیتتے ہیں۔
اس اعزاز کے ساتھ انہیں مزید 50 ہزار ڈالر انعام ملا، جبکہ ان کا نام ای سپورٹس ورلڈ کپ کے مستقل ٹوٹم آف چیمپئنز میں بھی شامل کر لیا گیا۔
پاکستان نے ٹیکن کی دنیا میں ایک بار پھر برتری ثابت کر دی
پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ٹیکن کی دنیا کی روایتی رقابت ایک بار پھر گرینڈ فائنل میں دیکھنے کو ملی۔
ایم زبیر کے مدمقابل جنوبی کوریا کے لو ہائی تھے، جو EVO اور Tekken World Tour جیسے بڑے عالمی ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں۔
تاہم پاکستانی کھلاڑی نے جارحانہ اور برق رفتار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لو ہائی کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا اور گرینڈ فائنل 5-0 سے جیت کر پاکستان کو ایک مرتبہ پھر ٹیکن کی عالمی طاقت ثابت کر دیا۔