کشمیر الیکشن کا تیسرا مرحلہ: باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری
کشمیر الیکشن کا تیسرا مرحلہ: باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری
پیر 10 اگست 2026 6:49
پاکستان کے زیرِانتظام جموں کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
پولنگ صبح آٹھ بجے سے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے پانچ بجے تک جاری رہی۔
ضلع باغ کے تین حلقوں میں ایل اے 14 غربی باغ، ایل اے 15 وسطی اور ایل اے 16 شرقی باغ شامل ہیں۔ ان تین حلقوں میں مجموعی طور پر تین لاکھ 42 ہزار 857 ووٹرز رجسٹرڈ تھے۔
ضلع باغ میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 840 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 17 ہے، تینوں حلقوں میں مجموعی طور پر 613 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ، جن میں سے 155 کو حساس ترین جبکہ 384 کو حساس قراد دیا گیا تھا۔
اتوار کو سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں جبکہ سکیورٹی پلان بھی بنایا گیا تھا۔
ضلع باغ کے تین انتخابی حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 73 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ ان تینوں حلقوں میں دو سابق وزرائے اعظم، سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس خان، بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
ایل اے 16 شرقی باغ
ایل اے 16 شرقی باغ میں 22 امیدوار انتخابی دنگل میں شامل ہیں جن میں پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزماں خان، مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر خان اور استحکام پاکستان پارٹی کے چوہدری اعجاز کھٹانہ بھی شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزماں خان اور مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر خان کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہی (فوٹو: الیکشن کمیشن)
ایل اے 16 شرقی باغ میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 6 ہزار 721 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ یہاں مرد ووٹرز 66 ہزار 381 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 61 ہزار 340 ہے۔
ایل اے 16 شرقی باغ میں 186 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ایل اے 15 وسطی باغ
ایل اے 15 وسطی باغ میں 30 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں، جن میں پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر، مسلم لیگ ن کے راجہ مشتاق احمد منہاس، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس خان اور جماعت اسلامی کے بریگیڈیئر محمد خان بھی شامل ہیں۔
وسطی باغ میں پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر، مسلم لیگ ن کے راجہ مشتاق احمد منہاس اور جماعت اسلامی کے راجہ محمد خان کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
اس حلقے میں ایک لاکھ 14 ہزار 937 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، یہاں مرد ووٹرز 59 ہزار 184 ہیں جبکہ خواتین ووٹرز 55 ہزار 753 ہیں۔
ایل اے 15 وسطی باغ میں ووٹنگ کے لیے 213 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں اس سے قبل الیکشن کے دو مرحلے مکمل ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
خیال رہے سات اگست کو ’امن و امان سے متعلق تحفظات‘ کی بنا پر الیکشن کمیشن نے ضلع پونچھ اور ضلع پلندری (سدھنوتی) میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ سیکرٹری داخلہ حکومت کی رپورٹ اور بعض سیاسی شخصیات کے علاوہ امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کے بعد کیا گیا جن میں دونوں اضلاع میں امن و امان سے متعلق سنگین تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔‘
واضح رہے کہ الیکشن کے پہلے دو مرحلوں میں مسلم لیگ ن کو 24 نشستوں پر جبکہ پیپلز پارٹی کو 10 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔