Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں پہلی بار ’رات کی چڑیا‘ کی تولیدِ نسل کی تصدیق

رات کے وقت متحرک رہنے والا یہ صحرائی پرندہ ایک نایاب اور روپوش نوع ہے (فوٹو: آبزرویشن ڈاٹ او آر جی)
کنگ عبدالعزیزرائل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے ’الوکی کے ایف ٹی‘ بودا پیسٹ کی جانب سے شائع کیے جانے والے انٹرنیشنل جرنل میں ایک تحقیقی مقالے کی اشاعت کی منظوری کے ساتھ ایک نئی سائسنی اور ماحولیاتی کامیابی حاصل کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ کامیابی جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مملکت کی کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔
یہ مقالہ پہلی بار مصری نائٹ جار کے گھونسلہ بنانے اور افزائش نسل کی تصدیق کرتا ہے جسے مقامی طور پر ملہی الرعیان کہا جاتا ہے۔ اسے اردو میں رات کی چڑیا بھی کہتے ہیں۔
رات کے وقت متحرک رہنے والا یہ صحرائی پرندہ ایک نایاب اور روپوش نوع ہے جسے انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کی ریڈ لسٹ میں کم ترین تشویشناک درجے میں شامل کیا گیا ہے جو اس دریافت کو صحرائی ماحولیاتی نظام میں جنگلی حیات کی انواع کی تقسیم کو سمجھنے کے لیے ایک قیمتی سائنسی اضافہ بناتا ہے۔
یہ سٹڈی ام الذیابہ کے مقام پر کی گئی وسیع تر فیلڈ مانیٹرنگ پر مبنی تھی جو ریزرو کے منفرد موسمی دلدلی ٹھکانوں میں سے ایک ہے۔
سروے کے دوران ماحولیاتی ٹیموں نے روایتی گھونسلے کی عدم موجودگی اور زمین پر دیے گئے دو انڈوں کا مشاہدہ کیا جو مصری نائٹ جار کے گھونسلہ بنانے کے مخصوص رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریباً ایک ہفتے بعد، 15 اپریل 2025 کو اس مقام پر انڈوں کے چھلکوں کی موجودگی کے شواہد ریکارڈ کیے گئے جس سے انڈوں سے بچے نکلنے کی تصدیق ہوئی۔

مانیٹرنگ ٹیموں نے اکتوبر کے وسط سے ریزرو کے متعدد مقامات پر اس پرندے کی مسلسل موجودگی کو بھی ریکارڈ کیا جو اس نوع کے مسکن کے مسلسل استعمال اور مخصوص موسموں کے دوران مقامی ماحولیاتی حالات کے ساتھ ڈھلنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
اس مقالے کی سائنسی اہمیت اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ اس نے سعودی عرب میں اس پرندے کے سابقہ غیر حتمی مشاہدات اور متوقع افزائش کے خدشات کو حتمی اور تصدیق شدہ افزائشِ نسل کی سطح تک پہنچایا ہے۔ یہ نتائج جزیرہ نمائے عرب میں اس پرندے کے افزائشی علاقے کی حدود کی ازسرِ نو تعریف کرنے اور اس کی جغرافیائی تقسیم و ماحولیاتی رویے پر سائنسی اعداد و شمار کو اپ ڈیٹ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

شیئر: