نیلامی و نمائش کے لیے آئرلینڈ کے فارم سے 200 ’چیمپیئن‘ فالکن سعودی عرب میں
ایک آئرش فارم نے انٹرنیشنل فالکن بریڈرز آکشن کے گزشتہ ایڈیشنز سے حاصل ہونے والے منافع اور کامیابیوں سے متاثر ہو کر اس سال کی نمائش و نیلامی میں 200 باز پیش کیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ریاض کے شمال میں واقع ملہم میں قائم اپنے ہیڈکوارٹر میں نیشنل سینٹر فار فالکنز کے زہراہتمام منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں مقامی اور بین الاقوامی سطح کے ممتاز بریڈنگ فارمز شرکت کر رہے ہیں۔
آئرلینڈ فالکنز کے پارٹنر، قطر کے ناصر النعیمی نے بتایا کہ ان کا فارم چیمپیئن پرندے پیدا کرنے والی اپنی اعلیٰ نسل (بلڈ لائنز) کے باز پیش کرنے کا پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا فارم چند سال پہلے اس ایونٹ کے آغاز سے ہی اس میں باقاعدگی سے حصہ لے رہا ہے، جو اس نیلامی پر ان کے اعتماد اور اس کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی شہرت کا عکاس ہے۔
النعیمی کا کہنا تھا کہ گزشتہ شرکتوں میں فارم کی کامیابیوں اور منافع نے انہیں اس سال کے آکشن میں اپنی بہترین بریڈنگ لائنوں کے بازوں کے ساتھ شامل ہونے کی ترغیب دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی نسل کے بازوں نے مقابلے بازی کے میدانوں میں مسلسل شاندار نتائج دیے ہیں جن میں کنگ عبدالعزیز فالکنری فیسٹیول بھی شامل ہے جہاں انہوں نے کئی سرفہرست پوزیشنز حاصل کی ہیں۔ یہ ایونٹ 25 اگست تک جاری رہے گا۔
