کویت: اہم تنصیب پر حملے کی دہشت گردانہ سازش ناکام، داعش سے وابستہ شہری گرفتار
مشتبہ شخص نے دھماکہ خیز مواد اور ڈرون بنانے کی تربیت حاصل کی تھی( فوٹو: کونا)
کویت کی وزارت داخلہ نے بدھ کو کہا ہے کہ سٹیٹ سکیورٹی سروس نے ملک میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی دہشت گردانہ سازش کو ناکام بنایا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا نے وزارت کے حوالے سے بتایا سیکورٹی مانیٹرنگ اور سرویلینس آپریشنز کے بعد عسکریت پسند گروہ داعش سے وابستہ ایک کویتی شہری کو اس سازش کو انجام دینے سے پہلے گرفتار کرلیا گیا۔
مشتبہ شخص نے دھماکہ خیز مواد اور ڈرون بنانے کی تربیت حاصل کی تھی۔ دہشت گردانہ سازش پر عمل کرنے اور ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون تیار کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ مشتبہ شخص کے خلاف ضروری قانونی اقدامات کیے گئے، تفتیش مکمل کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا۔
یاد رہے منگل کو کویت کے سٹیٹ سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے دو نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا۔ ان پر داعش سے وابستہ عناصر کے ساتھ رابطے اور ملک میں عبادتگاہوں کو نشانہ بنانے کی تربیت حاصل کرنے کا الزام ہے۔
